پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشاہد اللہ کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد شہزاد اورعمر اکمل کو پی ایس ایل 2019 میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں جگہ دی گئی تھی۔
سینیٹر مشاہد اللہ نے اپنے ایک بیان میں الزام عائد کیا تھا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ٹیم میں شامل کرنے کی سفارش ’بہت اوپر‘ سے آئی تھی۔ تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا تھا کہ اس ’اوپر سے‘ ان کی مراد کیا تھی۔
لاہور سے جاری ایک بیان میں پی سی بی نے سینیٹر مشاہد اللہ کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حقائق واضح کرنے کی کوشش کی ہے۔
بیان میں کہا گیا: ’پی سی بی واضح کرنا چاہتا ہے کہ مصباح الحق کی سربراہی میں قائم کردہ سلیکشن کمیٹی مکمل طور پر بااختیار ہے، جو ملک کے بہترین کھلاڑیوں کو پاکستان کی نمائندگی کا موقع دے رہی ہے۔ کھلاڑیوں کے انتخاب میں ان کی فارم، فٹنس اور کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد مصباح الحق اپنے وسیع تجربے کی بنیاد پر کھلاڑیوں کا انتخاب کرتے ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کرکٹ بورڈ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مصباح الحق پی سی بی اور نہ ہی کسی اور کے زیراثر ہیں۔ ’پی سی بی اپنے سلیکٹرز کی خودمختاری پر یقین رکھتا ہے اور انہیں بلا خوف و خطر کام جاری رکھنے کے لیے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی جاری رکھے گا۔ سری لنکا کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب میں بھی یہی طریقہ کارملحوظِ خاطر رکھا گیا۔‘
پی سی بی نے یہ بھی واضح کیا کہ احمد شہزاد اور عمر اکمل کو پی ایس ایل 2019 میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل پی ایس ایل ہی آخری ٹی ٹوئنٹی ایونٹ تھا۔
پی ایس ایل 2019 میں احمد شہزاد نے آٹھ میچوں میں 51.83 کی اوسط سے 311 رنز بنائے تھے۔ اس دوران ان کا سٹرائیک ریٹ 126.93 رہا۔ احمد شہزاد نے ایونٹ میں 30 چوکے اور آٹھ چھکے لگائے۔
دوسری جانب عمر اکمل نے ایونٹ میں 12 میچز کھیلے اور 34.62 کی اوسط سے 277 رنز اسکور کیے۔ 18 چوکے اور 16 چھکے لگانے والے عمر اکمل نے ایونٹ میں 137.12 کے سٹرائیک ریٹ سے رنز اسکور کیے۔
دونوں کھلاڑیوں نے ایونٹ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کی۔ ایونٹ کا فائنل میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوا، جسے دنیا بھر میں موجود لاکھوں شائقینِ کرکٹ نے دیکھا اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پی ایس ایل 2019 کی چیمپیئن ٹھہری۔