میرے والد کو اٹھا لیا گیا ہے: گلالئی اسماعیل

خود ساختہ جلاوطن پشتون تحفظ موومنٹ کی رہنما گلالئی اسماعیل نے کہا ہے کہ ان کے والد کو پشاور سے مبینہ طور پر ملیشیا کے لباس میں ملبوس افراد ساتھ لے گئے ہیں۔

محمد اسماعیل پر اس سے پہلے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے کے الزام میں مقدمہ بھی دائر کیا جا چکا ہے (ٹوئٹر/ صبا اسماعیل)

خود ساختہ جلاوطن پشتون تحفظ موومنٹ کی رہنما گلالئی اسماعیل نے کہا ہے کہ ان کے والد کو پشاور سے مبینہ طور پر ملیشیا کے لباس میں ملبوس افراد ساتھ لے گئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گلالئی اسماعیل نے لکھا کہ ان کے ’والد کو پشاور ہائی کورٹ کے باہر سے ملیشیا کے لباس میں ملبوس افراد نے اٹھا لیا ہے۔‘

گلالئی اسماعیل جو خود اس وقت امریکہ میں ہیں نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ان کے والد کو ’گھنٹہ پہلے ہی ہائی کورٹ کی عمارت کے باہر سے لے جایا گیا ہے۔‘

تاہم انھوں نے اس بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں بتائی ہے۔

ان کی اس ٹویٹ کے بعد انڈپینڈنٹ اردو نے جب گلالئی اسماعیل کے والد پروفیسر اسماعیل کے موبائل نمبر پر فون کیا تو ان کا نمبر بند جا رہا تھا۔
 

تاہم سیاستدان اور پشتون تحفظ موومنٹ کے حامی افراسیاب خٹک نے کہا ہے کہ محمد اسماعیل کو ’گرفتار‘ کیا گیا ہے۔ انھوں نے اپنی ٹویٹ میں ’گرفتاری‘ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کالعدم تنظیموں کے سربراہ اور سینکڑوں انسانوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارنے والے کھلے عام پھر رہے ہیں جبکہ اختلافی آوازوں کو جھوٹے الزامات پر گرفتار کیا جا رہا ہے۔‘

محمد اسماعیل پر اس سے پہلے دہشت گردوں کی مالی معاونت کرنے کے الزام میں مقدمہ بھی دائر کیا جا چکا ہے۔

انھوں نے 17 اکتوبر کو ایک ٹویٹ بھی کی تھی جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’آج آدھی رات کو پاکستانی ایجنسیوں نے مجھے اٹھانے کی کوشش کی تاکہ مجھے بھی جبری طور پر لاپتہ افراد میں شامل کر دیا جائے۔‘

گذشتہ ماہ جب گلالئی اسماعیل نے جب امریکہ پہنچنے کی اطلاع دی تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے امریکہ آنے کا مقصد یہ ہے کہ وہ خود کو محفوظ رکھنے کے لیے پناہ حاصل کر سکیں۔

گلالئی اسماعیل کے امریکہ جانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کے والد محمد اسماعیل نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ ’پاکستانی ادارے ان کی بیٹی کے خلاف تو تھے ہی لیکن ان کے اور ان کی بیوی کے خلاف بھی ریاست کی جانب سے ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے، جس کی وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ گلالئی اسماعیل بیرون ممالک سے ایک ملین ڈالرز لے کر آئی تھیں جو ہم میاں بیوی نے طالبان کو دیے ہیں۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان