نوٹ: اس خبر کی تصاویر کچھ قارئین کے لیے حساس ثابت ہو سکتی ہیں۔
پشاور کی درخشاں عزیر کو سپیشل ایفیکٹس میک اپ کرنے کا شوق ڈراؤنی فلمیں دیکھ کر ہوا اور جب لوگوں نے ان کے فن کو سراہا تو ان کا حوصلہ بڑھا اور آرٹ میں نفاست آتی گئی۔
درخشاں بنیادی طور سے چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ ہیں اور سپیشل ایفکٹس میک اپ ان کا شوق۔ مستقبل میں وہ کس پیشے کو جاری رکھنا چاہیں گی؟ اس حوالے سے انہوں نے کہا اگر انہیں آرٹ میک اپ میں کوئی اچھی آفر ہوئی تو وہ بخوشی قبول کر لیں گی۔
درخشاں نے بتایا کہ انہوں نے اس آرٹ کے تجربات کا آغاز اپنے بھائی سے کیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
’میں نے ان کے چہرے پر ایک زخم کا نشان بنایا تھا، جس کے بعد بھائی کے دوستوں میں اس کا بہت چرچا ہوا۔ اس بات سے مجھے مزید حوصلہ ملا۔ ‘
جب درخشاں سے پوچھا گیا کہ اس میک اپ کے لیے درکار سامان انہوں نے کہاں سے خریدا اور مختلف ایفیکٹس کا طریقہ کیسے سیکھا تو انہوں نے کہا: ’میں اس کا سامان برطانیہ سے منگواتی ہوں کیونکہ پاکستان میں یہ دستیاب نہیں۔ اگرچہ میرا استاد انٹرنیٹ ہی تھا لیکن میں نے خود بھی اس حوالے سے بہت تجربے کیے، جیسا کہ فوڈ کلرز سے خون کے نشانات بنانا وغیرہ۔ بار بار پریکٹس کرنے سے میں اس قابل ہوئی کہ دوسروں کو اپنے کام سے متاثر کر سکوں۔‘
درخشاں کے کچھ آرٹ کے خصوصی نمونے یہ ہیں۔
ٹیڑھے سر والی لڑکی: یہ ڈراؤنی فلم سیریز ’دی ہانٹنگ آف ہل ہاؤس‘ کی ایک کردار ہیں۔ اس میک اپ کو کرنے میں سب سے مشکل یہ تھی کہ درخشاں کو اپنی ماڈل کی گردن پر میک اپ کرتے وقت ان کی گردن کو ٹیڑھا رکھنا پڑا۔
اس کی ایک وجہ میک اپ کا مطلوبہ نتیجہ حاصل کرنا تھا اور دوسرا یہ کہ فلم کے اصل کردار کا سر بھی ایک طرف جھکا ہوتا تھا، لہذا میک اپ سے فوٹوگرافی تک کا وقت ان کی ماڈل کے لیے نہایت صبر آزما تھا۔
سفید بالوں والی لڑکی: یہ گیم آف تھرونز کی ایک کردار ڈینریز ہیں جو اس سیریز میں ڈریگنز کی ماں ہوتی ہیں۔
درخشاں نے انگریزی فلم ’دی نن‘کے کردار سے متاثر ہو کر یہ میک اپ خود پر آزمایا تھا۔ یہ لباس بھی انہوں نے خود تیار کیا۔’چونکہ مجھے مشین سے کپڑے سینا نہیں آتے لہذا ضرورت کے پیش نظر میں اپنے کرداروں کے لیے ملبوسات ہاتھ سے سیتی ہوں، میری فوٹوگرافر مجھے اس میک اپ میں دیکھ کر کافی خوفزدہ تھیں-‘
یہ میک اپ درخشاں نے ایک مشہور ہارر فلم ’دی ایگزورسسٹ‘ کی کردار ریگان سے متاثر ہو کر کیا۔ درخشان کہتی ہیں: ’میں سوچ رہی تھی کہ اگر ریگان شادی کرتیں تو اپنی شادی کے دن اس طرح نظر آرہی ہوتیں۔‘