بنگلہ دیش ویمنز دوسرے ون ڈے میں کامیاب، سیریز برابر

مہمان ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کو ایک وکٹ سے شکست دے دی۔

بنگلہ دیش  کی فرگانہ حق اور پاکستان کی ناہیدہ خان کو پلیئرز آف دی سیریز کے انعامات دیے گئے(پی سی بی)

بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیم نے پیر کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان کوایک وکٹ سے شکست دے کر سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔

 قذافی سٹیڈیم لاہور میں میزبان پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے اوپنر ناہیدہ خان کی نصف سنچری کی بدولت 210 رنز بنائے۔

جواب میں مہمان ٹیم نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل نووکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، فرگانہ حق نے نصف سنچری سکور کی۔

آج پاکستان کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ناہیدہ اور جویریہ خان نے ٹیم کو 58 رنز کا آغاز فراہم کیا، جس کے بعد ناہیدہ اور بسمعہ کے درمیان 47 رنز کی شراکت نے میچ میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔  ناہیدہ 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں جبکہ بسمعہ نے34 رنز بنائے۔

عالیہ ریاض نے تین چوکوں کی مدد سے 36 رنز سکور کرکے ٹیم کا سکور 200 کے پار پہنچادیا مگر پاکستان کی پوری ٹیم 48.4 اوورز میں 210 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ مہمان ٹیم کی رومانہ احمد نےتین اور سلمہ خاتون نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی ابتدائی دو وکٹیں محض 29 رنز پر گرگئیں۔ تیسری وکٹ کے لیے فرگانہ حق اور مرشدہ خاتون کے درمیان 82 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

 فرگانہ نے 67 اور مرشدہ نے 44 رنز سکور کیے۔ دونوں کھلاڑیوں کے آؤٹ ہوتے ہی پاکستانی سپنرز نے کم بیک کرتے ہوئے 18 رنز کے وقفے سے بنگلہ دیش کی چار وکٹیں گرا دیں ۔

تاہم تجربہ کار جہاں آرا عالم اور ناہیدہ اختر نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کوجیت سے ہمکنار کردیا۔

بنگلہ دیش نے مطلوبہ ہدف ایک گیند قبل نو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ پاکستان کی جانب سے بسمعہ اور سیدہ عروب شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

بنگلہ دیش کی بلے باز فرگانہ کو نصف سنچری سکور کرنے پر پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔ مہمان ٹیم کی فرگانہ اور پاکستان کی ناہیدہ خان کو پلیئرز آف دی سیریز کے انعامات دیے گئے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ