ملکہ میکسیما کون ہیں اور پاکستان کیوں آرہی ہیں؟

نیدرلینڈ کی ملکہ میکسیما وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے ملاقات کرنے کے علاوہ سٹیٹ بینک کے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے پروگرام کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔

میکسیما 2013 میں نیدرلینڈ کی ملکہ بنیں جب ان کے شوہر ولی عہد   ولم الیگزینڈر  کی والدہ ملکہ بیٹرکس نے اپنے بیٹے کے حق میں تخت چھوڑ دیا۔ (فائل تصویر: اے ایف پی)

برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن کے پاکستان کے کامیاب دورے کے بعد اب نیدرلینڈ کی ملکہ میکسیما 25 نومبر کو اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ برائے ترقی میں اجتماعی معاونت کی حیثیت سے پاکستان کے دورے پر آ رہی ہیں۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق ملکہ میکسیما تین روزہ دورے کے دوران وزیر اعظم عمران خان اور صدر عارف علوی کے ساتھ ساتھ  سرکاری اور نجی شعبوں کی متعدد شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی۔

ملکہ میکسیما سٹیٹ بینک کے مائیکرو پیمنٹ گیٹ وے پروگرام کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گی جو مجموعی مالی تعاون کے فروغ کے لیے چھوٹی ادائیگیوں کی لاگت کم کرنے اور ڈیجیٹل لین دین میں اضافے کی غرض سے شروع کیا گیا ہے۔

ملکہ میکسیما کا تعلق ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس سے ہے، جہاں وہ پیدا ہوئیں اور پلی بڑھیں۔

شاہی خاندانوں کے معاملات پر گہری نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’رائل سینٹرل ڈاٹ کو ڈاٹ یو کے‘ کے مطابق انہوں نے 1995 میں پونٹیفکل کیتھولک یونیورسٹی آف ارجنٹینا سے معاشیات میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی اور پھر امریکہ میں ماسٹرز کی تعلیم حاصل کی۔

میکسیما کی اپنے شوہر ولم الیگزینڈر سے ملاقات 1999 میں سپین میں ہوئی۔ دونوں کی شادی دو فروری 2002 کو ایمسٹرڈیم میں ہوئی اور ان کی تین بیٹیاں ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ان کی شادی کی پہلے ایک سادہ سی سول تقریب ہوئی اور پھر ایک تقریب چرچ میں ہوئی۔

ملکہ میکسیما کے والدین شادی میں شریک نہیں ہوئے کیوں کہ نیدرلینڈ میں اس بات پر تشویش پائی جاتی ہے کہ ان کے والد جارج زوریگیٹا ارجنٹائن میں 1970 اور 1980 کی دہائی میں آمر حکومت کے دور میں اُس کابینہ کا حصہ رہے، جس کے دوران ہزاروں حریفوں کا قتل ہوا یا وہ لاپتہ ہوئے۔

میکسیما 2013 میں اُس وقت نیدرلینڈ کی ملکہ بنیں، جب ان کے شوہر کی والدہ ملکہ بیٹرکس نے اپنے بیٹے کے حق میں تخت چھوڑ دیا۔

وہ کئی سالوں سے نیدرلینڈ میں تارکینِ وطن کی فلاح و بہبود اور ملک میں بحالی کے کام سے منسلک ہیں۔

2009 میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے انہیں ترقی میں اجتماعی معاونت کے لیے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی خصوصی نمائندہ مقرر کیا۔

یہ ملکہ میکسیما کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل وہ 2016 میں پاکستان آئی تھیں۔

 

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی خواتین