انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کو 29 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ اوپنر ایمی جونز نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔
جواب میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم 125 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان بسمہ معروف نے 60 رنز بنائے۔
کنرارا اوول ملائیشیا میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بیس رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد مہمان ٹیم کی اوپنر ایمی جونز اور ٹیمی بیماؤنٹ نے متاثر کن کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں بیٹرز کے درمیان 58 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
ایمی جونز 39 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 53 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں جبکہ بیماؤنٹ نے 30 رنز بنائے۔ اننگز کے اختتامی اوورز میں نتالی سِیّور نے 34 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 150 کے پار پہنچانے میں مدد کی۔
انگلینڈ ویمنز کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے ندا ڈار نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
مقررہ ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم اننگز کا متاثرکن آغاز کرنے میں ناکام رہی اور محض ایک کے مجموعی سکور پر قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی دونوں اوپنرز ناہیدہ خان اور جویریہ خان کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹ گئیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کپتان بسمہ معروف اور عمیمہ سہیل کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 46 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ عمیمہ سہیل 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں تو قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا مڈل آرڈر ایک بار پھر ناکام رہا اور یکے بعد دیگرے وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ محض 14 رنز پر چار وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر بیٹر سدرہ نواز میدان میں موجود کپتان بسمہ معروف کو سہارا دینے کے لیے کریز پر پہنچیں۔
دونوں بیٹرز نے مثبت کھیل پیش کرتے ہوئے 60 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس دوران بسمہ معروف نے ٹی ٹونٹی ویمنز کرکٹ میں اپنی 11ویں نصف سنچری مکمل کی تاہم سدرہ نواز 22 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئیں، جس کے بعد کپتان بسمہ معروف نے جارحانہ کھیل اپنانے کی کوشش کی مگر وہ 60 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئیں۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم 18.4 اوورز میں 125 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ ویمنز ٹیم کی جانب سے ایکلے سٹون نے تین جبکہ نتالی سِیّور اورفریہ ڈیوس نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں نصف سنچری سکور کرکے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرنے پر ایمی جونز کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی جانب سے سیدہ عروب شاہ اور انگلینڈ ویمنز ٹیم کی جانب سے سارہ گلین نے میچ میں اپنا ڈیبیو کیا۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 19دسمبر کو کھیلا جائے گا۔