منظور پشتین کی درخواست ضمانت مسترد،ڈی آئی خان منتقلی کا حکم

پشاور کی مقامی عدالت نے پی ٹی ایم سربراہ کی راہداری ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ ملزم کے خلاف مقدمہ ڈیرہ اسمٰعیل خان میں درج ہے، اس لیے ان کو وہیں بھیج دیا جائے۔

منظور پشتین کو گذشتہ رات پشاور کے علاقے شاہین ٹاون سے گرفتار  کیا گیا تھا۔ (فائل تصویر: اے ایف پی)

پشاور کی مقامی عدالت نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی درخواست ضمانت مسترد کرتے ہوئے انہیں ڈیرہ اسمٰعیل خان (ڈی آئی خان) بھیجنے کا فیصلہ سنا دیا۔

منظور پشتین کو گذشتہ رات پشاور کے علاقے شاہین ٹاون سے گرفتار کرکے پیر کی صبح عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے انہیں 14 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

پی ٹی ایم سربراہ کے خلاف ڈی آئی خان میں ایک مقدمہ درج تھا جس میں وہ پولیس کو مطلوب تھے۔

مقدمے کی ایف آئی آر کے مطابق منظور پشتین نے کہا تھا کہ ’وہ پاکستان کے آئین کو نہیں مانتے کیونکہ یہ آئین مکمل طور پر غلط اور انسانی حقوق کے خلاف ہے۔ یہ آئین بنایا ہی اس لیے گیا ہے کہ ساری زندگی پنجاب اکثریت میں اور پشتون اقلیت میں رہیں۔‘

ایف آئی آر میں مزید کہا گیا کہ پی ٹی ایم کے سربراہ نے ’ریاست پاکستان کے خلاف توہین آمیز اور دھمکی آمیز زبان استعمال کی۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

منظور پشتین کی ضمانت کی درخواست پشاور کی مقامی عدالت میں دائر کی گئی تھی، جسے مسترد کردیا گیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے حکم دیا کہ چونکہ ملزم کے خلاف مقدمہ ڈی آئی خان میں درج ہے، اس لیے ان کو وہیں بھیج دیا جائے۔

منظور پشتین کے وکیل فرہاد آفریدی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’ہم نے پشاور میں راہداری ضمانت کے لیے درخواست دی تھی جو مسترد کردی گئی۔‘

راہداری ضمانت کی درخواست اس صورت میں دی جاتی ہے جب ملزم ایک ضلع میں گرفتار ہو اور اس پر مقدمہ دوسرے ضلع میں درج ہو۔ جس میں عدالت سے درخواست کی جاتی ہے کہ ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جائے تاکہ وہ خود اس ضلع میں پولیس کو گرفتاری دے دے، جہاں اس پر مقدمہ درج ہے۔

فرہاد آفریدی نے بتایا: ’عدالت نے راہداری ضمانت مسترد کی ہے اور اب منظور پشتین کو ڈی آئی خان پولیس کے حوالے کیا جائے گا، جو انہیں مقامی عدالت میں پیش کرے گی اور ان کا ریمانڈ لے گی یا پھر ہم وہاں بھی ضمانت کی درخواست دیں گے اور عدالت اس پر فیصلہ سنائے گی۔‘

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان