ایک نو عمر لڑکی سے 63 سال قبل کھونے والا پرس امریکی ریاست اوہائیو کے ایک سکول کی دیوار سے تلاش کر لیا گیا ہے۔
شاس پیل، جو کہ اوہائیو کے علاقے نارتھ کینٹون کے مڈل سکول کے نگران ہیں، کو یہ پرس گذشتہ سال تعمیر نو کے کام کے دوران ایک لاکر کے پیچھے پھنسا ہوا ملا۔
تحقیقات کے بعد سکول نے اس کی مالک کی تصدیق کی جو سکول کی سابقہ طالبہ پتی رمفولا تھیں۔
پتی رمفولا 2013 میں وفات پا چکی ہیں اور ان سے یہ پرس 1957 میں گم ہوا تھا لیکن سکول نے ان کے بچوں سے رابطہ کر کے یہ پرس انہیں لوٹا دیا ہے۔
سکول کی جانب سے فیس بک پر کی جانے والی پوسٹ میں کہا گیا کہ ’آپ میں سے کئی افراد کے تحقیقاتی کام کی بدولت ہم پتی کے خاندان سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بدقسمتی سے ہمیں معلوم ہوا ہے کہ پتی انتقال کر چکی ہیں۔ پتی کے پانچوں بچے اس موقعے پر موجود تھے جب انہوں نے ایک خاندانی تقریب میں اس پرس کو کھولا تاکہ وہ اپنی والدہ کے سکول کے وقت کی یادوں کو جان سکیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پتی رمفولا کے بچوں کی اجازت سے سکول نے اس بات کا انکشاف کیا کہ اس پرس میں ان کی والدہ کا شناختی کارڈ، مختلف تنظیموں کے رکنیت کارڈ، استعمال شدہ ٹکٹس، خاندان، دوستوں اور ان کے کتے کی تصاویر کے علاوہ نو سکے موجود تھے۔
تصاویر میں سے ایک پر پیغام درج تھا کہ ’پتی، گڈ لک، ایک اچھی لڑکی اور دوست۔ وہ اچھا وقت کبھی نہ بھولنا جو ہم نے ساتھ گزارا۔ مجھے امید ہے ہم ہمیشہ دوست رہیں گے چاہے ہم دور ہی کیوں نہ ہوں۔ بونی 56۔‘
اس پرس میں ایک کنگھی، میک اپ کا کچھ سامان اور چند چیونگ گمز بھی موجود تھیں جو کہ 1957 کی ایک نو عمر لڑکی کے لیے بہت ہی عام سی بات تھی۔
سکول کے مطابق پتی کے بچوں میں سے ہر ایک نے اپنی والدہ کی یادگار کے طور پر ایک ایک سکہ اپنے پاس رکھا ہے۔
© The Independent