دفاعی چیمپئین کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا فاتحانہ آغاز

افتتاحی تقریب کی بدمزگی تاہم ایک اچھے میچ نے دور کر دی اور یہ ثابت کر دیا کہ دراصل تو یہ کرکٹ کا میلہ ہی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بن کٹنگ اور عبدالناصر جیت کے بعد واپس پویلین جاتے ہوئے (اے ایف پی)

پاکستان سپر لیگ کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ایک زبردست مقابلے میں تین وکٹ سے ہرا کر پانچویں ایڈیشن کا کامیاب آغاز کر لیا ہے۔ 

میچ کا فیصلہ انییسویں اوور کی تیسری گیند پر اس وقت ہوگیا جب بین کٹنگ نے شاداب خان کو لانگ آف پر فلک شگاف چھکا لگایا۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں اجڑی اجڑی سی افتتاحی تقریب کے بعد میچ آدھ گھنٹے کی تاخیر سے شروع ہوا۔ افتتاحی تقریب کی بدمزگی تاہم ایک اچھے میچ نے دور کر دی اور یہ ثابت کر دیا کہ دراصل تو یہ کرکٹ کا میلہ ہی ہے۔

ہمارے پری میچ تجزئیے کے مطابق کوئٹہ کے کپتان سرفراز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو پاور پلے کی حد تک صحیح ثابت ہوا۔ محمد نواز نے پہلے اوور میں ہی کولن منرو کو صفر پر چلتا کیا۔ 

پاور پلے میں اسلام آباد نے دو وکٹ کے نقصان پر 55 رنز بنائے۔ لیوک رونچی 23 اور حسین طلعت 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم ڈیوڈ ملن نے جاندار بیٹنگ کی۔ ان کے 64 رنز کی اننگ پانچ چوکوں اور تین چھکوں سے سجی تھی۔

کولن انگرم اور آصف علی کوئی خاص جوہر نہ دکھا سکے۔ کپتان شاداب خان، فہیم اشرف اور عماد بٹ بھی سکور میں خاص اضافہ نہ کر سکے اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 19 اوورز میں 168 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

کوئٹہ کی طرف سے محمد حسنین نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 25 رنز دے کر چار کھلاڑی آؤٹ کیے جبکہ بین کٹنگ نے تین وکٹ حاصل کیے۔

ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کا آغاز بھی کوئی خاص نہ تھا۔ پاور پلے میں صرف 36 رنز بن سکے۔ نوجوان فاسٹ بولر موسی نے پہلے ہی اوور میں جیسن رائے کو آؤٹ کر دیا اور پھر احمد شہزاد کو بھی پویلین روانہ کر دیا۔ کوئٹہ کے سٹار بلے باز شین واٹسن بھی سستی کے باعث رن آؤٹ ہوگئے۔

ایسا لگتا تھا کوئٹہ سنبھل نہ پائے گا کیونکہ اینٹی کرپشن کوڈ کی زد میں آ کر عمر اکمل معطل ہو کر لیگ سے باہر ہو چکے تھے۔ ایسے میں وہ کھلاڑی مرد میدان بن گیا جسے بیٹنگ پر جاتے ہوئے تماشائیوں کی جانب سے پرچی پرچی کے نعروں سے نوازا جا رہا تھا۔

کوئٹہ کے کوچ معین خان کے بیٹے اعظم خان نے شاندار بیٹنگ کرکے نہ صرف کوئٹہ کی پوزیشن کو بہتر مقام تک پہنچایا بلکہ اپنے اوپر ہونے والی ہر تنقید کا جواب دے دیا۔ 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اعظم نے سرفراز کے ساتھ مل چوتھی وکٹ کی شراکت میں 60 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔ اعظم خان 59 رنز بنا کر فہیم اشرف کے ہاتھوں بولڈ ہوئے بعد میں محمد نواز بین کٹنگ اور سہیل خان نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ سکور 19 اوورز میں ہی پورا کر دیا۔

اسلام آباد کی طرف سے موسی ہی اچھی بولنگ کر سکے اور 30 رنز دے کر تین کھلاڑی آؤٹ کیے۔

عماد بٹ اور شاداب خان آج اچھی بولنگ نہ کرسکے جس کا اسلام آباد کو خمیازہ بھگتنا پڑا۔ اسلام آباد کی فیلڈنگ بھی آج غیر معیاری رہی اور نئے کپتان شاداب خان کئی مقامات پر کنفیوز نظر آئے۔ شاید اس لیے کہ یہ ان کا پہلا میچ تھا۔

کوئٹہ نے اپنی پہلی جیت سے باقی ٹیموں کے لیے خطرے کا بگل بجا دیا ہے لیکن پلے آف تک پہنچنے کے لیے ابھی طویل سفر باقی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنا یہ فاتحانہ انداز اگلے میچوں میں برقرار رکھ سکے گی۔

* جمعہ 21 فروری

 لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں آج دو  میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں نیشنل سٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرے میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ