برازیل کی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کا حصہ رہنے والے رونالڈینو جمعرات کو پیراگوائے کی جیل سے ہوٹل میں منتقل کر دیے جائیں گے، جہاں وہ نظر بندی میں رہیں گے۔
کیس کی سماعت کرنے والے جج کے مطابق ان کی جیل سے رہائی ان کے اور ان کے بھائی کی جانب سے 16 لاکھ ڈالر کے زر ضمانت کی ادائیگی کے بعد عمل میں آ رہی ہے۔
بارسلونا، پیرس سینٹ جرمین اور اے سی میلان کے سابقہ مڈفیلڈر رونالڈینو جو 2002 میں ورلڈ کپ جیتنے والی برازیلین ٹیم کا حصہ تھے، کو چھ مارچ کو ان کے بھائی اور مینیجر روبرٹو اسیس کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔
ان پر جعلی پاسپورٹ رکھنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ ان کے وکیل نے اس گرفتاری کو 'خلافِ ضابطہ، غیر قانونی اور غیر انسانی' قرار دیا تھا۔
اس سے قبل ان دونوں بھائیوں کی ضمانت کو مسترد کر دیا گیا تھا لیکن منگل کو جج کی جانب سے کہا گیا کہ تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے حقائق گرفتار شدگان کے حق میں جاتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جج گواسٹاو امریلا نے مزید تفصیلات نہ دیتے ہوئے صرف اتنا کہا کہ ان دونوں کی جانب سے اتنی بڑی زر ضمانت کی رقم اور ملک نہ چھوڑنے کی گارنٹی کے بعد ان کو حراست میں رکھنے کا مزید کوئی جواز نہیں ہے۔
جج نے یہ فیصلہ دونوں بھائیوں کے ساتھ ہونے والی ویڈیو کال کے دوران سنایا اور انہیں اجازت دی کہ وہ اپنے مقدمے کا حتمی فیصلہ آنے تک ایک فور سٹار ہوٹل میں منتقل ہو جائیں-
امید کی جا رہی ہے کہ دونوں بھائیوں کو جمعرات کو جیل سے رہا کرنے کے بعد اس ہوٹل میں منتقل کر دیا جائے گا۔
دونوں نے انفرادی طور پر آٹھ لاکھ ڈالر کی رقم منگل کو ایک مقامی بینک کے اکاؤنٹ میں جمع کرا دی ہے۔ جج گواسٹاو امریلا کا کہنا ہے کہ 'اتنی بڑی رقم کی گارنٹی کے بعد یہ دونوں ملک سے فرار نہیں ہوں گے۔'
رونالڈینو نے آخری پروفیشنل میچ 2015 میں کھیلا تھا، وہ برازیلی کلبز گرمیو، اٹلیٹکو مینیرو، فلیمینگو اور فلیومینزنز کی نمائندگی کر چکے ہیں اور ابھی تک فٹ بال کے مداحوں میں معروف ہیں۔
وہ 2006 میں چیمپیئنز ٹرافی جیتنے والے بارسلونا کی ٹیم کا بھی حصہ تھے اور 2004 اور 2005 میں انہیں فیفا کی جانب سے سال کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔
روئٹرز