دنیا بھر میں جاری کرونا (کورونا) وائرس کی وبا میں فرنٹ لائنز پر کام کرنے والے طبی عملے کے لیے قطر ایئرویز کی جانب سے ایک لاکھ اعزازی ٹکٹیں جاری کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
قطر ایئرویز کی ویب سائٹ کے مطابق یہ اعزازی ٹکٹیں ڈاکٹرز، میڈیکل پریکٹیشنرز، نرسز، پیرا میڈیکس، لیب ٹیکنیشنز، کیلینکل ری سرچرز اور فارماسسٹس کے لیے جاری کیے جائیں گے۔
ویب سائٹ کے مطابق طبی عملے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ان کے لیے اور ان کے ساتھی کے لیے اکانومی کلاس کے دو ٹکٹس جاری کیے جائیں گے جس پر وہ قطر ایئرویز کے ذریعے کہیں بھی چھٹیاں گزارنے جا سکتے ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے علاوہ دوحہ کے حماد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈیوٹی فری آوٹ لیٹس سے خریداری کرنے پر انہیں 35 فیصد رعایت بھی دی جائے گی۔
قطر ایئرویز کے مطابق یہ فیصلہ کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورت حال کے دوران طبی عملے کے کوششوں کی تعریف اور ان کے حوصلے کی داد دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
ویب سائٹ کے مطابق روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر موجود چیک پوائنٹ پر اپنے اصلی دستاویز اور میڈیکل لائسنس یا رجسٹریشن کی تصدیق کروانا لازمی ہوگا۔
معاشی ماہرین کے مطابق کسی فضائی کمپنی کی جانب سے یہ ایک احسن اقدام ہے لیکن اس کے پیچھے ایک سوچ اپنے مالی نقصانات کو پورا کرنا بھی ہے تاکہ مسافروں میں اعتماد بڑھے اور وہ دوبارہ فضائی سفر کی جانب لوٹیں۔