بھارت اور چین کے درمیان جاری سرحدی تنازعے کے بیچ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے لداخ کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے کہا کہ کوئی بھارت کے ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کر سکتا۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایک روزہ دورے کے دوران بھارتی فوجیوں سے خطاب بھی کیا۔
انہوں نے وادی گلوان میں 20 بھارتی فوجیوں کی ہلاکتوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’بھارت اپنے فوجیوں کی شہادت کو کبھی نہیں بھولے گا۔‘
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ چین کے ساتھ مسائل کو سلجھانے کے لیے مذاکرات جاری ہیں جو بقول ان کے نتیجہ خیز ثابت ہونے چاہیے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ان کا کہنا تھا: ’میں یقین دلانا چاہتا ہوں کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت بھارت کی ایک انچ زمین کو بھی چھو نہیں سکتی ہے۔ اس پر قبضہ نہیں کرسکتی ہے۔‘
خیال رہے کہ اس سے قبل بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سرحد کا دورہ کر چکے ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے اس دورے کے دوران 27 منٹوں پر محیط اپنے خطاب میں امیدوں کے برعکس ’چین‘ کا بالواسطہ یا بلاواسطہ ایک بار بھی نام نہیں لیا تھا۔
انہوں نے دبے الفاظ میں چین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ توسیع پسندی کی جنگ کا دور ختم ہوچکا ہے اور آج ترقی کی جنگ چل رہی ہے۔