رضا سموں کی 'کھجلی فیملی' کے ساتھ کیا ہوا؟

پاکستان میں ٹوئٹر صارفین عید کے روز کامیڈین رضا سموں کے حق میں دھڑا دھڑا ٹویٹس کر رہے ہیں۔

صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے کامیڈین رضا سموں 'کھجلی فیملی' کے نام سے ایک یوٹیوب چینل چلاتے ہیں۔ (تصویر: ٹوئٹر)

عید الاضحیٰ کا دوسرا دن ہے، پاکستان میں لوگ جہاں عید منانے اور مختلف پکوان کھانے میں مصروف ہیں، وہیں ٹوئٹر صارفین رضا سموں کے غم میں گھل رہے ہیں اور ان کے حق میں مختلف ٹرینڈز چلائے جارہے ہیں۔

صوبہ سندھ کے ضلع لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے کامیڈین رضا سموں 'کھجلی فیملی' کے نام سے ایک یوٹیوب چینل چلاتے ہیں، جسے 13 لاکھ  40 ہزار افراد نے سبسکرائب کر رکھا ہے۔

اپنے اس چینل پر وہ مختلف موضوعات پر مزاحیہ ویڈیوز بنا کر پوسٹ کرتے ہیں، جن میں سے کچھ بولڈ بھی ہوتی ہیں۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اپنی ایک ویڈیو میں رضا سموں نے بتایا تھا کہ ان کے والد موٹر سائیکل کی ایک ورکشاپ میں کام کرتے تھے، جنہوں نے اپنی ساری جمع پونجی ان کی تعلیم پر لگادی اور ان کا داخلہ اسلام آباد کی ایک یونیورسٹی میں کروایا، لیکن وہ وہاں تعلیم کا سلسلہ جاری نہ رکھ پائے اور واپس آگئے۔ بعدازاں انہوں نے لاہور کی ایک یونیورسٹی میں داخلہ لیا، جہاں وہ بری صحبت میں مبتلا ہوگئے، لیکن جب ان کے ایک دوست کا ان کی آنکھوں کے سامنے منشیات کے زیادہ استعمال کے باعث انتقال ہوا تو پھر انہوں نے یہ عادت ترک کی اور اسلام آباد میں قیام کے دوران انہوں نے یوٹیوب پر مزاحیہ ویڈیوز بنانے کا جو سلسلہ شروع کیا تھا، اسی کو آگے بڑھاتے ہوئے اپنی 'کھجلی فیملی' کو پروان چڑھایا۔

رضا اپنے چینل کو ملنے والے سپانسرز کی مدد سے اچھی خاصی رقم کمالیتے تھے، لیکن چند روز قبل انہوں نے ٹوئٹر پر دُہائی دی کہ ان کا یوٹیوب چینل ہیک کرلیا گیا ہے۔ اگرچہ یہ چینل بحال تو ہوگیا لیکن ان کی مونیٹائزیشن رک گئی ہے اور وہ کوئی بھی مالی فائدہ اٹھانے سے قاصر ہیں۔

بس اسی سلسلے میں ٹوئٹر صارفین آج سرگرم ہیں اور رضا سموں اور 'کھجلی فیملی' کے حق میں چلائے گئے ٹرینڈز پر دھڑا دھڑا ٹویٹس کر رہے ہیں۔

رئیلٹی ٹی وی میزبان وقار ذکا بھی اس دوران میدان میں آئے اور انہوں نے بھی رضا سموں کے حق میں ٹویٹ کی۔

بعدازاں انہوں نے رضا سموں کے مسئلے کے پس منظر میں ایک ویڈیو بھی پوسٹ کر ڈالی، جس میں بتایا گیا کہ پاکستان میں یوٹیوب کو کیسے بچایا جاسکتا ہے۔

ہم امید کرتے ہیں کہ رضا سموں کے چینل کی موںیٹائزیشن دوبارہ سے شروع ہوجائے، لیکن ساتھ ہی یہ بھی جانتے چلیں کہ

آخر یہ مونیٹائزیشن ہے کیا؟

یوٹیوب ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں کمپنیاں اپنے اشتہار کے لیے سپیس خرید سکتی ہیں اور یوٹیوب ان اشتہارات کو ویڈیوز پر ڈال کر آمدنی کے ذرائع پیدا کرتا ہے، جسے کمپنی خود اور چینلز میں تقسیم کرتی ہے۔ یوٹیوب ایڈسینس کے ذریعے دیئے گئے اشتہارات کی آمدنی میں سے 55 فیصد حصہ خود وصول کرتا ہے۔

یوٹیوب پر مونیٹائزیشن کیسے کام کرتی ہے؟

یوٹیوب کا مونیٹائزیشن کا طریقہ کار کافی آسان ہے۔ کمپنیاں ایسے اشتہارات بناتی ہیں جو آپ کے چینل کی ویڈیوز کے آغاز میں پیش کیے جاتے ہیں۔ ان کو ’پری رول ایڈ‘ کہا جاتا ہے۔ ہر بار جب یوٹیوب صارف کوئی اشتہار دیکھتا ہے تو آپ کو ادائیگی کی جاتی ہے۔

یوٹیوب سے آمدنی حاصل کرنے کے لیے کتنے ویوز کی ضرورت ہوتی ہے؟

اس پلیٹ فارم پر آمدنی حاصل کرنے کے لیے آپ کا بیلنس 100 ڈالر یا اس سے زیادہ ہونا چاہیے۔ ایک ہزار ویوز پر آپ کو پانچ ڈالر ملتے ہیں، جس کا مطلب یہ ہے کہ سو ڈالرز کے لیے آپ کو 20 ہزار ویوز چاہییں۔ ایسا کرنے کے لیے یوٹیوب نے ’یوٹیوب پارٹنر پروگرام‘ تشکیل دیا ہے جو آپ کو اپنے پیج پر اشتہارات کے ذریعے ادائیگی کرنے کی سہولت دیتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ٹرینڈنگ