امریکی انتخابات میں ہیکنگ کی معلومات دینے کے حوالے سے روسی اور ایرانی شہریوں کو مشکوک پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی جانب سے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے انتخابات میں ممکنہ ہیکنگ کی معلومات پر ایک کروڑ ڈالر کے انعام کی پیش کش کے بعد ایران اور روس میں کچھ صارفین کو موبائل فون پر اسی حوالے سے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کچھ صارفین نے اپنے موبائل فون پر یہ پیغامات دیکھنے کے بعد سوچا کہ یہ کسی طرح کا سائبر حملہ ہو سکتا ہے۔
پیغامات میں کہا گیا ہے کہ امریکی انتخابات میں غیر ملکی مداخلت سے متعلق معلومات دینے کے لیے امریکہ ایک کروڑ ڈالر تک کے انعام کی پیش کش کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ بدھ کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومیو نے اعلان کیا تھا کہ 'امریکہ ایسی کسی بھی معلومات پر ایک کروڑ ڈالر کا انعام دے گا جس میں امریکی انتخابات میں کسی ایسے فرد کے حوالے سے معلومات ہوں، جو کسی حکومت کی ایما یا ہدایت پر عمل کرتے ہوئے امریکی انتخابات میں سائبر جرائم کے ذریعے اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہا ہو۔'
ایران کے علاوہ روسی میڈیا نے بھی یہ اطلاع دی ہے کہ کچھ روسی شہریوں کو اپنے موبائل فون پر اسی نوعیت کے پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ پیغام کہاں اور کیسے بھیجے گئے تھے اور ان کے پیچھے کون سے افراد، ادارے یا ممالک ہیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تہران اور واشنگٹن کے عہدیداروں کی جانب سے ابھی تک ان واقعات پر کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔
امریکی سائبر کمانڈ نے ان سوالوں کے جواب کے لیے محکمہ خارجہ کو ریفر کیا ہے لیکن وہاں سے بھی ابھی تک اس سلسلے میں کوئی موقف سامنے نہیں آیا۔
انڈپینڈنٹ فارسی کے مطابق امریکی حکام ایران ، روس اور چین جیسے ممالک کی امریکی انتخابات میں مداخلت کی ممکنہ کوششوں سے پہلے ہی محتاط ہیں۔