نئی دہلی کی 30 فیصد آبادی کرونا سے متاثر: سروے

نئی دہلی کی مقامی حکومت کے 15 ہزار افراد پر مشتمل ایک سروے کے مطابق کرونا کے مریضوں کی حقیقی تعداد حکومتی اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

بھارت ایشیا میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے ( اے ایف پی)

دنیا بھر میں جہاں کرونا (کورونا) وائرس کے کیسز میں کمی کے بعد لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں میں نرمی دیکھی جا رہی ہے، وہیں بھارت میں صورت حال برعکس ہے جہاں صرف دارالحکومت نئی دہلی کی تقریباً 30 فیصد آبادی اس وائرس سے متاثر ہوچکی ہے۔

دہلی کی مقامی حکومت کی جانب سے 15 ہزار افراد پر کیے گئے ایک سیرولوجیکل سروے کے مطابق کرونا کے مریضوں کی حقیقی تعداد حکومت کے جاری کردہ اعداد و شمار سے کہیں زیادہ ہے۔

جمعرات کو بھارت کے مرکزی وزیر صحت ستیندر جین نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا کہ دہلی میں اگست کے پہلے ہفتے میں سروے میں شامل افراد میں اینٹی باڈیز کی موجودگی کی جانچ کی گئی تھی۔

’سروے کے نتائج کے مطابق دہلی کی 29.1 فیصد آبادی میں کرونا کی اینٹی باڈیز پائی گئیں، جس کا مطلب ہے کہ وہ انفکشن سے متاثر ہو چکے ہیں۔‘

 

 

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

دہلی کی مجموعی آبادی دو کروڑ کے لگ بھگ ہے، جہاں مجموعی طور پر کرونا کے 140،767 کیسز رپورٹ ہوئے جب کہ ملک بھر میں 28 لاکھ سے زیادہ افراد اس مہلک وبا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

سروے کے نتائج ممبئی اور پونے جیسے دوسرے بڑے شہروں سے مختلف نہیں جہاں ایک بڑی آبادی انفیکشن کا شکار ہوگئی ہے۔

مرکزی وزارت صحت کے مطابق جمعرات کو بھارت میں ایک روز کے دوران 69 ہزار 652 کیس رپورٹ ہوئے جب کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار کے قریب اموات کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 53 ہزار 866  ہوگئی۔

بھارت ایشیا میں کرونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے اور دنیا میں امریکہ اور برازیل کے بعد تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا