پاکستان میں سرکاری حکام نے بدھ کو بتایا کہ وادی سوات میں شدید بارشوں کے نتیجے میں سیلاب سے 15 افراد ہلاک جبکہ کئی مکانوں کو نقصان پہنچا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں ریسکیو ٹیمیں اب بھی گذشتہ ہفتے کی طوفانی بارشوں کے نتیجے میں پھیلنے والی تباہ کاریوں سے نمٹ رہی ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا میں ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان تیمور خان نے بتایا کہ سیاحت کے لیے مقبول وادی سوات میں گذشتہ رات پہاڑی تودہ گرنے سے ایک اہم شاہراہ بند ہو گئی جس کے بعد علاقے میں پھنسے سیاحوں کو نکالا جا رہا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
خیال رہے کہ اگست میں ملک کے کئی علاقے مون سون کی شدید بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان میں صوبہ سندھ کے بعض اضلاع بالخصوص سب سے بڑے شہر کراچی میں صورتحال کافی خراب ہے، جہاں بارشوں سے کم از کم 47 ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے مطابق جون میں شروع ہونے والے بارشوں کے سلسلے سے اب تک ملک بھر میں کم از کم 176 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
گذشتہ ہفتے کراچی کے کئی علاقوں میں بارش کے بعد پانی اب تک نہیں نکالا جا سکا اور علاقہ مکین پھنسے ہوئے ہیں۔ توقع ہے کہ وزیر اعظم عمران خان جلد کراچی کا دورہ کرتے ہوئے صورتحال کا جائزہ لیں گے۔