امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک میگزین کی رپورٹ کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے یورپ میں مدفون امریکی فوجیوں کے بارے میں کوئی بھی ناگوار بات نہیں کی۔
صدر ٹرمپ نے اس بات کی بھی تردید کی کہ انہوں نے فرانس کے دورے کے دوران ایک امریکی قبرستان جانے سے انکار کردیا تھا کیونکہ وہ اس کو غیر اہم سمجھتے تھے۔
امریکی میگزین ’دی اٹلانٹک‘ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے پیرس کے قریب قبرستان میں مدفون سابق امریکی فوجیوں کو مبینہ طور پر ’لوزرز‘ (شکست خوردہ) کہا تھا اور 2018 میں اپنے دورہ فرانس کے دوران اس قبرستان کا دورہ کرنے سے صرف اس لیے انکار کر دیا تھا کیوں کہ اس دن کی بارش سے انہیں اپنے بالوں کے خراب ہونے کا خدشہ تھا۔
ٹرمپ نے جمعرات کو صحافیوں کو بتایا کہ یہ ایک جھوٹی رپورٹ ہے۔
انہوں نے کہا: ’یہ سوچنا کہ میں اپنے فوجیوں اور جنگوں میں ہلاک ہونے والے ہیروز کے بارے میں منفی بیانات دوں گا جب کہ میں نے مسلح افواج کے لیے کسی سے بھی زیادہ کام کیا ہے، یہ سراسر جھوٹ ہے۔ یہ توہین ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ فرانس میں قبرستان اس لیے نہیں جا سکے کیونکہ خراب موسم کے باعث ہیلی کاپٹر کی پرواز ممکن نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہوائی سفر کے متبادل سڑک کے ذریعے لمبا سفر تھا جس کے لیے پیرس کے بہت سے مصروف علاقوں سے گزرنا پڑتا اور ان کی حاظت پر مرکوز ادارے سیکرٹ سروس کے اہلکاروں نے اس پر اعتراض کیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
صدر ٹرمپ نے کہا: ’سیکریٹ سروس نے مجھے بتایا کہ آپ یہ (قبرستان کا سڑک کے راستے دورہ) نہیں کرسکتے۔ میں نے کہا مجھے یہ کرنا ہے۔ میں وہاں جانا چاہتا ہوں۔ انہوں نے پھر کہا آپ یہ نہیں کرسکتے۔‘
’دی اٹلانٹک‘ نے اس بارے میں تبصرہ کرنے کے لیے روئٹرز کی جانب سے بھیجی گئی ای میل کا فوری طور پر جواب نہیں دیا۔
دوسری جانب ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے اس رپورٹ کے جواب میں فوج کے ارکان کی مدد کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔
بائیڈن نے ایک بیان میں کہا: ’اگر آج کے اٹلانٹک آرٹیکل میں کیے گئے انکشافات سچ ہیں تو پھر یہ واضح کرتا ہے کہ امریکی صدر کے کردار کے بارے میں میرے اور ٹرمپ کے کتنے گہرے اختلافات ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’اگر مجھے اگلے کمانڈر ان چیف کی حیثیت سے خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہوا تو میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ ہمارے امریکی ہیروز کو یہ پتہ ہو کہ میں ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑا ہوں گا اور ان کی قربانیوں کا احترام کروں گا۔‘
2016 میں صدارتی امیدوار کی حیثیت سے صدر ٹرمپ نے کینسر سے انتقال کرنے والے سینیٹر جان مک کین کے بارے میں منفی تبصرے کیے جو ویتنام کی جنگ کے دوران جنگی قیدی رہ چکے تھے۔
انہوں نے 2015 کی انتخابی مہم کے دوران کہا تھا: ’وہ جنگی ہیرو تھے کیوں کہ انہیں پکڑ لیا گیا تھا۔ میں ایسے لوگوں کو پسند کرتا ہوں جن کو پکڑا نہ جا سکے۔‘
ٹرمپ نے جمعرات کو کہا کہ وہ میک کین سے اختلاف کرتے تھے لیکن پھر بھی وہ ان کا احترام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ’میں کبھی ان (میک کین) کا مداح نہیں رہا۔ میں اس کا کھل کر اعتراف کروں گا کہ میں جان مک کین سے متفق نہیں تھا۔ لیکن میں پھر بھی ان کا احترام کرتا تھا۔‘