دنیا میں جمعے کو کرونا (کورونا) وائرس کے کیسز نے تعداد تین کروڑ کا ہندسہ عبور کر لیا جس کے بعد یورپ میں نئی پابندیاں عائد کی جا رہی ہیں۔
سپین میں میڈرڈ کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ دارالحکومت اس وائرس کے خطرے سے دوبارہ دوچار ہو سکتا ہے۔ ہسپانوی حکام نے مرکزی حکومت سے ’فیصلہ کن‘ کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈرڈ کے ایک ہسپتال کی ایمرجنسی میں کام کرنے والے سانڈیاگو اوزز نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ 'یہاں بیڈز اور عملے دونوں کی کمی ہے۔'
انہوں نے کہا: ’انتہائی نگہداشت کے یونٹ کرونا کے مریضوں سے بھرے پڑے ہیں۔'
برطانیہ اور فرانس دونوں بڑھتے ہوئے کیسز کی بھرمار کے بعد نئے اقدامات کا آغاز کررہے ہیں۔ برطانوی عہدیداروں نے خبردار کیا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن دوبارہ نافذ کیا جاسکتا ہے۔
گذشتہ سال کے اختتام پر چین سے پھیلنے والے اس وائرس کے باعث اب تک دنیا بھر میں تقریباً ساڑھے نو لاکھ افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ یورپ میں ان ہلاکتوں کا تقریباً ایک چوتھائی حصہ ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سخت اقدامات کی ممکنہ واپسی کے حوالے سے پورے یورپ میں بے چینی پھیل رہی ہے۔
برطانیہ میں جمعے کے روز کیے جانے والے نئے اقدامات سے شمال مشرقی انگلینڈ میںں لاکھ 20 افراد متاثر ہوئے ہیں جہاں لوگ گھروں سے باہر ملاقاتوں سے محروم ہوئے اور تفریح کے مقامات جلد بند کرنا پڑے۔
حکومت نے پیر کے روز سے ہی انگلینڈ بھر میں نئے قواعد نافذ کر دیے تھے جس میں چھ یا اس سے کم افراد کے گروپس پر سماجی دوری کی پابندی عائد کی گئی تھی کیونکہ مئی کے بعد روزانہ کے کیسز کی تعداد اس سطح تک دیکھنے میں نہیں آتی تھی۔
وزیر صحت میٹ ہین کوک نے جمعے کو بی بی سی کو بتایا کہ حکومت قومی لاک ڈاؤن نافذ کر سکتی ہے۔
پچھلے ہفتے کے دوران روزانہ انفیکشنز کی تعداد دس ہزار تک بڑھنے کے بعد فرانسیسی حکام دوبارہ سے کئی شہروں میں سخت پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
فرانس کی پبلک ہیلتھ ایجنسی نے جمعے کو کہا تھا کہ قومی لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد پہلی بار کرونا وائرس سے ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں۔
دریں اثنا اٹلی نے کہا ہے کہ وہ اتوار سے اوپن سٹیڈیمز میں صرف ایک ہزار شائقین کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔
ادھر دنیا میں اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ میں کرونا وائرس کے بحران کے آغاز کے بعد ہالی ووڈ میں پہلا بڑا ایوارڈ شو آن لائن منعقد کیا جائے گا۔
دوسری جانب اسرائیل نے یہودیوں کے نئے سال کے جشن سے کچھ گھنٹے قبل جمعے سے تین ہفتوں کے لیے ملک بھر میں دوبارہ پابندیاں نافذ کردی گئی ہیں۔