’غیر مناسب اور غیر اخلاقی مواد‘ پر پاکستان میں ٹک ٹاک پر پابندی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اپنی پریس ریلیز میں کہا: ’معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مناسب مواد کی موجودگی کی شکایت کی گئی تھی جس کے بعد اس ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔‘

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز  کے مطابق غیر مناسب اور غیر اخلاقی مواد کے باعث اس ایپ کو پاکستان میں بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے  (فائل تصویر: اے ایف پی)

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے پاکستان میں مشہور ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق غیر مناسب اور غیر اخلاقی مواد کے باعث اس ایپ کو پاکستان میں بلاک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پریس ریلیز کے مطابق: ’معاشرے کے مختلف طبقات کی جانب سے ٹک ٹاک پر غیر اخلاقی اور غیر مناسب مواد کی موجودگی کی شکایت کی گئی تھی جس کے بعد پی ٹی اے نے ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مزید کہا گیا کہ پی ٹی اے حکام نے ٹک ٹاک انتظامیہ کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا اور ٹک ٹاک انتظامیہ کو پی ٹی اے کی ہدایات پر عمل کے لیے وقت بھی دیا گیا تھا تاہم ٹک ٹاک انتظامیہ ہدایات پر عمل کرنے میں ناکام رہی جس کے بعد اس ایپ پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس نے ٹک ٹاک انتظامیہ کو  آگاہ کردیا ہے کہ اگر وہ آنے والے دنوں میں پی ٹی اے کی ہدایت کے مطابق غیر اخلاقی مواد کے حوالے سے کوئی مؤثر حکمت عملی تیار کرلیتا ہے تو پابندی کے فیصلے پر نظر ثانی کی جاسکتی ہے۔

پابندی کی خبر سامنے آنے کے بعد انڈپینڈنٹ اردو نے ٹک ٹاک ایپلی کیشن کو استعمال کرنے کی کوشش کی، تاہم اس ایپ تک رسائی ممکن نہ ہوسکی۔

دوسری جانب ٹوئٹر پر ٹک ٹاک ٹاپ ٹرینڈ میں ہے اور لوگ اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ اس پابندی پر پی ٹی اے کو سراہ رہے ہیں جبکہ کچھ نے اس پابندی کی مخالفت کی ہے۔

احمد رضا نامی صارف نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’پوری پاکستانی قوم ٹک ٹاک پر پابندی پر پی ٹی اے کو سیلوٹ کرتی ہے۔‘

شاہ زیب نامی صارف نے ٹک ٹاک پر پابندی کو ’سال کی اچھی خبر‘ قرار دیا۔

دوسری جانب ٹیکنالوجی ایکسپرٹ حبیب اللہ خان نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ان کے ایک دوست نے ملازمت چھوڑ کر ٹک ٹاک اشتہارات کے ذریعے پیسے کمانے شروع کیے اور اب پی ٹی آئی حکومت نے یہ ایپ بند کردی ہے اور ان کی زندگی تباہ کردی ہے۔‘

ملک میں ٹک ٹاک پر پابندی ایک ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب گذشتہ روز ہی جنت مرزا نے دس ملین فالورز رکھنے والی پہلی پاکستانی ٹک ٹاکر ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا اور اب سوشل میڈیا پر انہیں بھی مذاق کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ایک صارف نے جنت مرزا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا: ’پابندی کے بعد جنت مرزا کہہ رہی ہیں کہ ابھی تو میں نے کیک بھی نہیں کاٹا تھا۔‘

میاں عمر نامی ایک صارف نے چند پاکستانی ٹک ٹاکرز کی تصاویر شیئر کرکے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

 

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی سوشل