کشمیر ٹائمز کا دفتر سیل: ’بی جے پی حساب برابر کر رہی ہے‘

بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے دو سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمرعبداللہ نے سری نگر میں انگریزی روزنامے کے دفتر کو اچانک سیل کرنے کی مذمت کی ہے۔

سیل ہونے والے کشمیر ٹائمز کے دفتر پر لگا بورڈ (سوشل میڈیا)

بھارت کے زیرانتظام کشمیر کے دو سابق وزرائے اعلیٰ محبوبہ مفتی اور عمرعبداللہ نے سری نگر میں انگریزی روزنامے کشمیر ٹائمز کے دفتر کو حکام کی جانب سے سیل کرنے کی مذمت کی ہے۔

اپنی ٹویٹ میں کشمیر کی آخری وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ کشمیر ٹائمز کی ایڈیٹر انورادھا بھاسن جموں و کشمیر کی ان چند مقامی ایڈیٹرز میں سے ایک ہیں جو بھارتی حکومت کے ریاست میں غیرقانونی اور مداخلت پر مبنی اقدامات کے خلاف کھڑی ہوئیں۔ ’سری نگر میں ان کا دفتر بند کرنے کی کارروائی بی جے پی (بھارتیہ جنتا پارٹی) کی طرف سے سیدھا سادہ ان لوگوں سے حساب برابر کرنے کا عمل ہے جو اختلاف کرنے کی جرات کرتے ہیں۔‘

ریاست کے 11 ویں اور کم عمر ترین سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے بھی اخبار کے خلاف سٹیٹ آفس کے حکام کے اقدام پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ بھارتی حکام کی کارروائی سے پتہ چلتا ہے کہ ہمارے بعض 'مؤقر' جرائد بھارتی حکومت کے ترجمان کیوں بن گئے ہیں اور صرف حکومتی تحریری بیانات شائع کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد رپورٹنگ کی سزا قانونی تقاضے پورے کیے بغیر بےدخلی ہے۔

اس سے پہلے کشمیر ٹائمز کی ایگزیکٹیو ایڈیٹر انورادھا نے اپنے ٹویٹ میں بتایا تھا: 'سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے الاٹمنٹ کی منسوخی یا عمارت خالی کروانے کے لیے ضروری کارروائی کے بغیر ہمارے دفترکو تالا لگا دیا۔ اسی طرح اس سے پہلے مجھے جموں میں واقع میرے فلیٹ سے بے دخل کر دیا گیا تھا اورمیرا سامان فلیٹ کے نئے الاٹی کو دے دیا گیا۔ یہ انتقامی کارروائی آوازبلند کرنے کا نتیجہ ہے۔ قانونی تقاضے پورے کے بغیر اس قسم کا اقدام بزدلانہ کارروائی ہے۔'

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارتی میڈیا کے مطابق سری نگر میں سٹیٹ آفس کے حکام نے پیر کو کشمیر ٹائمز کے اس دفتر کو سیل کر دیا تھا جو اخبار کو سرکاری عمارت میں الاٹ کیا گیا تھا۔ سٹیٹ آفس نے اپنے اقدام کی کوئی وضاحت نہیں کی۔

انگریزی زبان کا اخبار کشمیر ٹائمز بھارت کے زیرانتظام کشمیر سے شائع ہوتا ہے۔ اخبار کی اشاعت کا آغاز 1954 میں ہوا۔ اس وقت یہ ہفتہ وار اخبار تھا۔ 1964 میں اسے روزنامہ بنا دیا گیا۔ کشمیر ٹائمز جموں و کشمیر کا سب سے پرانا اور سب سے زیادہ شائع ہونے والا اخبار ہے۔ اس کے سبسکرائبرز کی تعداد 20 لاکھ ہے۔ اخبارکو کشمیر کے معاملات کو سمجھنے کے لیے دنیا بھر میں بنیادی اہمیت حاصل ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا