پاکستان جمہوری تحریک (پی ڈی ایم) لاہور کے مینار پاکستان گریٹر اقبال پارک میں اتوار کو اپنے جلسوں کی مہم کا آخری جلسہ کرنے جا رہی ہے۔
اس تاریخی پارک میں بہت سے جلسے ہوئے اور ہر بار بے پناہ ہجوم کی وجہ سے یہاں پر لگی گھاس اور پودوں کو نقصان پہنچا۔ ایسے میں پارک کو دوبارہ ٹھیک کرنا یہاں پر تعینات مالیوں کی ذمہ داری ہے۔
20 سال سے یہاں ذمہ داریاں ادا کرنے والے ایک سینیئر مالی عبدالوہاب نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ان کا کام یہاں پر پودوں کی دیکھ بھال ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ انہوں نے یہاں بہت سے جلسے دیکھے، حال ہی میں ایک بڑا جنازہ بھی ہوا۔
وہ کہتے ہیں کہ ہر جلسے کے دوران یہاں عوام آ کر پودے خراب کرتی ہے۔ ’عوام تو جلسے کے بعد چلی جاتی ہے لیکن ہمیں پھر محنت سے پودے اور گھاس بحال کرنا پڑتی ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے شکایت کی کہ جلسوں اور جنازوں کے نتیجے میں جو نقصان ہوتا ہے اس کا ذمہ دار کون ہے؟ ’بار بار جلسوں سے پودے بڑے نہیں ہو پاتے کیونکہ ہمیں خراب پودے اکھاڑ کر نئے لگانے پڑتے ہیں، اتنے عرصے میں کوئی نیا جلسہ آ جاتا ہے۔‘
ان کے مطابق جلسے کرنے والے اقتدار میں آتے ہیں مگر ’ہم ادھر کے ادھر ہی ہیں۔ ہم غریبوں کی حالت وہی ہے، ہمارے بارے میں کسی نے نہیں سوچا۔‘
انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم اور حکومت کو چاہیے کہ حالات بدلیں۔ ’آئندہ بھی وہی ہوگا جو پہلے ہوتا آیا ہے۔ غریب کا یہی حال رہنا ہے، ہم نے رنبہ ہی چلانا ہے جو مرضی وزیر اعظم آجائے مزدور نے مزدور ہی رہنا ہے۔‘