آسٹریلوی بلے باز ایشٹن ٹرنر نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے لگاتار پانچ میچوں میں صفر پر آؤٹ ہونے کا انوکھا مگر بدنام ریکارڈ قائم کیا ہے۔ ان پانچ میں سے تین مرتبہ صفر انڈین پریمیر لیگ کے بھی شامل ہیں۔
ٹرنر، جو ورلڈ کپ کے لیے آسٹریلوی سکواڈ میں جگہ نہیں بنا پائے، راجھستان رائلز سے کھیلتے ہوئے جب دہلی کیپٹلز کے تیز بولر ایشانت شرما کی گیند پر آوٹ ہوئے تو یہ ان کا مسلسل پانچ میچوں میں پانچویں بار صفر سکور تھا۔
طویل قامت ٹرنر شرما کی سلو بال پر ایکسٹرا کور کے اوپر سے شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آوٹ ہوئے۔ان کی ٹیم یہ میچ چھ وکٹوں سے ہار گئی۔
یہ گذشتہ پانچ میچوں میں تیسرا موقع تھا جب وہ پہلی ہی گیند پر آوٹ ہوئے۔ کرکٹ کی دنیا میں پہلی گیند پر آوٹ ہونے کو ’گولڈن ڈک‘ کہا جاتا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق، اتوار کو کھیلے گئے پچھلے میچ میں بھی ٹرنر تیز بولر جسپریت بھمرا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آئی پی ایل میں اپنے پہلے میچ میں بھی وہ پہلی گیند پر ایشون کو وکٹ دے بیٹھے تھے۔
ان کے پہلے 2 صفر فروری میں بھارت کے خلاف عالمی ٹی ٹوئنٹی میں اور آسٹریلوی بگ بیش لیگ میں ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں تھے۔
مڈل آرڈر بلے باز ٹرنر اُس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچے جب گذشتہ مارچ میں انہوں نے بھارت کے خلاف زوردار شاٹس کے ساتھ 84 رنز کی فاتحانہ اننگز کھیلتے ہوئے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی تھی۔
راجھستان نے ٹرنر کو آئی پی ایل 2019 کے لیے دسمبر میں 72 ہزار امریکی ڈالرز میں خریدا تھا۔