لیونل میسی نے بارسلونا کے لیے 644واں گول کرکے پیلے کا ایک ہی کلب کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
انہوں نے یہ ریکارڈ منگل کو ویلاڈولڈ کے خلاف گول سکور کرکے توڑا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ میسی کا بارسلونا کے لیے 749واں میچ تھا جس کا مطلب ہے کہ ان کے گول کرنے کی شرح 1.16 رہی ہے۔
برازیلین لیجنڈ پیلے نے سانتوز کے لیے 757 میچوں میں 643 گول کیے تھے۔ وہ اس کلب کے لیے 1956 سے 1974 کے دوران کھیلے تھے اور ان کی گول کرنے کی شرح 1.17 رہی تھی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
میچ کے بعد اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں میسی کا کہنا تھا کہ 'جب میں نے فٹ بال شروع کیا تھا تو میں نے نہیں سوچا تھا کہ میں کوئی ریکارڈ توڑوں گا۔ یہ تو بالکل نہیں جو میں نے آج حاصل کیا ہے۔ میں ان سب لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ان تمام برسوں میں میری مدد کی، ان میں میرے ساتھی کھلاڑی، میرے اہل خانہ اور میرے دوست اور وہ تمام افراد شامل ہیں جو مجھے ہر روز سپورٹ کرتے ہیں۔'
میسی کی جانب سے اپنا ریکارڈ توڑنے کے بعد پیلے نے ان کی انسٹا گرام پوسٹ پر انہیں اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ 'آپ کی طرح میں بھی جانتا ہوں کہ روز ایک ہی شرٹ کو پہن کر کیسا لگتا ہے۔ میں جانتا ہوں کہ اپنے گھر میں کھیلنا کیسا لگتا ہے۔ آپ کو مبارک ہو اور آپ کے بارسلونا کے لیے کریئر کو مبارک ہو۔ ایک کلب کو اتنے طویل عرصے کے لیے چاہنا بہت نایاب ہے جو کم ہی دکھائی دیتا ہے۔ میں آپ کا مداح ہوں۔'
پیلے ابھی تک کسی بھی جنوبی امریکی کھلاڑی کی جانب سے سب سے زیادہ بین الااقوامی گولز کا ریکارڈ اپنے نام رکھتے ہیں۔ انہوں نے برازیل کی جانب سے کھیلتے ہوئے 77 گول سکور کر رکھے ہیں جبکہ میسی اب تک ارجنٹائن کے لیے 71 گول کر چکے ہیں۔