خالد القطانی پیر کو ریاض کے مرکزی ہوائی اڈے کے ارائیول ہال میں بے صبری سے کھڑے انتظار کر رہے تھے۔ سعودی عرب اور قطر کے درمیان تنازع نے ان کے خاندان کو علیحدہ کر دیا تھا مگر آج تقریباً چار سال کے بعد وہ اپنی بہن سے ملنے کو بے تاب تھے۔
ان کے اہل خانہ بھی ان کے گرد جمع دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالے کے بعد دوحہ سے سعودی عرب آنے والی پہلی پرواز سے اترنے والے مسافروں کے منتظر تھے۔
خالد القطانی نے خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا: ’میری بہن کوئی چار سال سے قطر میں ہیں۔ ہم وٹس ایپ پر بات کرتے تھے۔۔۔ (آج) میرے اور خلیج کے ہر باشندے کے جذبات کو بیان نہیں کیا جا سکتا۔‘
2017 میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور مصر نے قطر سے سفارتی، تجارتی اور سفری تعلقات ختم کردیے تھے۔ ان کا موقف تھا کہ قطر خطے میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا تھا تاہم قطر اس الزام کی تردید کرتا آیا ہے۔
ان ممالک کے تنازے میں پھنسے دوست و احباب کو ایک دوسرے سے ملنے کے لیے کسی غیر جانب دار ملک کا رخ کرنا پڑتا تھا۔
تاہم گذشتہ ہفتے سعودی شہر العلا میں ہونے والے خلیج تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں آخر کار ایک بریک تھرو ہوا اور پھر سعودی وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ چاروں ممالک نے قطر کے ساتھ تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا اور کہا کہ قطر کے ساتھ تمام فضائی، زمینی اور بحری سرحدیں کھول دی جائیں گی۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پیر کو ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتر کر اپنے ماموں سے ملنے کے بعد دوحہ سے آنے والے طالب علم خالد الحرجی نے کہا: ’اللہ کا شکر ہے۔‘
اپنی پھپھو سے ملنے کے منتظر بندر القطانی نے کہا: ’ہمارے اور قطر کے درمیان بہت سی چیزیں ایک سی ہیں، سیاسی طور پر، معاشی طور پر، سماجی طور پر، جغرافیائی طور پر۔ ہمارے بیچ خون کا رشتہ ہے۔‘
’عرب نیوز‘ کے مطابق تعلقات کی بحالی کے بعد سعودی عرب جانے والی قطر ائیر ویز کی پہلی پراوز دوحہ سے (جی ایم ٹی) صبح 11 بجے چلی اور دوپہر 12 بچے ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچی۔
Today #QatarAirways is resuming operations to #Riyadh, #SaudiArabia. pic.twitter.com/jrOmVYBX1w
— Qatar Airways (@qatarairways) January 11, 2021
ایک ٹویٹ میں کمپنی کا کہنا تھا کہ اس نے سروسز بحال کردی ہیں اور روزانہ ایک پرواز ریاض جائے گی۔
اے ایف پی کے ایک نمائدہ کے مطابق دوحہ میں ہوائی اڈے کے عملے نے جہازوں کی رن وے پر ٹیکسی کرتے کی ویڈیو بنائی تاکہ وہ متعلقہ جہاز کو اڑتے ہوئے ریکارڈ کر سکیں۔
اس سے قبل کمپنی نے اعلان کیا تھا کہ سعودی عرب کے شہر ریاض اور جدہ سے دوحہ کی پروازیں پیر کو اڑیں گی۔