پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے ایک تاجر نے رات کو مختلف مارکیٹوں اور سٹورز کے باہر سکیورٹی کے فرائض انجام دینے والے گارڈز کو مفت فاسٹ فوڈ پہنچانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
تاجر شاہد نوید ملک نے اس کام کا آغاز کرونا (کورونا) وبا کے دوران کیا اور یہ تاحال جاری ہے۔
شاہد نوید ملک کے مطابق روزانہ ایک ہزار سے زائد گارڈز کو کھانا کھلایا جا رہا ہے اور اپنی مدد آپ کے تحت لاہور سےشروع کیا گیا یہ کارِ خیر اب 13 شہروں تک پھیل چکا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا: 'ہم رات ڈیڑھ بجے میک ڈونلڈز، پیزا ہٹ اور کے ایف سی کے برگر اور دیگر اشیا محنت کش طبقے کو کھلاتے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر وہ لوگ ہیں، جو بڑے سٹوروں کے سامنے چوکیداری اور سکیورٹی گارڈز کی نوکری کرتے ہیں۔ یہ لوگ ہماری حفاظت کرتے ہیں، لیکن ہمیں ان کی خوراک کی کوئی فکر نہیں ہوتی، لہذا ہم نے یہ سلسلہ شروع کیا تاکہ یہ لوگ بھی وہ چیزیں کھائیں جو ہم کھاتے ہیں۔'
ساتھ ہی انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ جب وہ اپنے بچوں کے لیے کھانے کی چیزیں لیں تو ایک چیز فالتو بھی لیں، چاہے 50 روپے کی ہی کیوں نہ ہو اور اپنے اردگرد کسی غریب کو کھلائیں، اس سے خوشی ملے گی۔
انہوں نے مزید بتایا: 'ہم چاہتے ہیں کہ پورے لاہور شہر میں فریزر رکھیں، یہ فریزر بڑے سٹورز کے باہر رکھے جائیں گے اور اس حوالے سے آگاہی مہم چلائیں گے، جس میں شہریوں کو یہ احساس دلایا جائے گا کہ وہ جب چیزیں لیں تو ایک دو فالتو چیزیں لے کر فریزر میں ڈال دیں تاکہ غریب لوگ وہاں سے کھا کر اپنی بھوک مٹا سکیں۔'