امریکی انخلا: ’کوئی فوجی اڈے پاکستان منتقل نہیں ہو رہے‘

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں ترقی کا خواہاں ہے اور افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد کوئی فوجی اڈے یہاں منتقل نہیں ہو رہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  کہا کہ 'پاکستان نے ہمیشہ طالبان کو بھی مذاکرات کی راہ اپنانے کی ترغیب دی ہے اور مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کی بات کی ہے۔' (فائل تصویر: اے ایف پی)

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وضاحت کی ہے کہ افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد کوئی فوجی اڈے پاکستان منتقل نہیں ہو رہے ہیں۔

اسلام آباد میں منگل کو صحافیوں سے گفتگو میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ 'پاکستان کسی فریق کے ساتھ نہیں بلکہ افغانستان میں ترقی کے ساتھ ہے۔'

انہوں نے کہا کہ 'پاکستان نے ہمیشہ طالبان کو بھی مذاکرات کی راہ اپنانے کی ترغیب دی ہے اور مذاکرات کے ذریعے سیاسی حل کی بات کی ہے۔'

فلسطین میں جاری اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مسجد الاقصیٰ میں ہونے والی ’بربریت پر گہری تشویش ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ رمضان میں 27 ویں روزے کی شب نہتے لوگوں کو مسجد الاقصیٰ میں تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ان پر گرنیڈز اور ربڑ کی گولیوں سے حملہ کیا گیا۔ ’پاکستان اس بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے۔ نہتے شہریوں پر حملے کی اجازت کون سا قانون دیتا ہے؟‘

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے دورے میں وزیر اعظم عمران خان نے سیکرٹری جنرل اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سے ملاقات میں اس حوالے سے پاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔

وزیر اعظم کے حالیہ سعودی عرب کے دورے کے حوالے سے ان کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ دورہ غیر معمولی نوعیت کا تھا۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان خود وزیراعظم عمران خان کو خوش آمدید کہنے کے لیے ایئرپورٹ پر تشریف لائے ۔ ہمارے اور سعودی عرب کے بہترین تعلقات ہیں جنہیں اس دورے نے نئی جہت دی ہے۔‘

ان کے بقول اس دورے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ایک ادارہ جاتی میکنزم تشکیل پایا ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کے وژن 2030 کے مطابق سعودی عرب کو مزید ایک کروڑ کی افرادی قوت درکار ہوگی اور وہ پاکستان سے خاصی تعداد لینے کےخواہش مند ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کے دورے کے دوران پانچ معاہدوں پر دستخط ہوئے ہیں۔ دو معاہدے وزارتِ داخلہ سے متعلقہ ہیں جبکہ ہائیڈرو پاور اور متبادل توانائی کے لیے سعودی عرب ہمیں سعودی فنڈ سے 50 کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کرے گا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کلوز روم ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف اور وہ خود شریک تھے۔ ’اس میٹنگ میں کشمیر کے معاملے پر ہم نے کھل کر اپنا موقف پیش کیا ہے۔‘ ان کے بقول صورت حال کو بھارت نے خراب کیا ہے اور اگر بھارت اپنے اقدامات پر نظرثانی کرتا ہے تو پاکستان بات کرنے کے لیے تیار ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ عید الفطر کے بعد سعودی حکام کا ایک وفد پاکستان آئے گا اور ہم باہمی معاملات کو آگے بڑھائیں گے۔ سعودی وزیر خارجہ بھی تشریف لائیں گے اور سعودی ولی عہد کے اگلے دورہ پاکستان کے امور طے کیے جائیں گے۔

پاکستانی سفیروں کے معاملے پر وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو سعودی عرب میں سفارت خانے کے حوالے سے کچھ شکایات موصول ہوئیں، جس پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا لیکن جس طرح اس کی میڈیا کے ذریعے تشہیر کی گئی اس پر تحفظات ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس میڈیا تشہیر کا فائدہ بھارت نےاٹھایا اور پاکستانی سفیروں کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان