امریکی اخبار ’وال سٹریٹ جرنل‘ نے اتوار کو ایک خبر شائع کی ہے، جس کے مطابق مائیکروسافٹ کارپوریشن کے بانی بل گیٹس 2020 میں کمپنی کے بورڈ سے اس لیے الگ ہو گئے تھے کیونکہ بورڈ نے ان کے ایک ملازم خاتون کے ساتھ رومانوی تعلق کی تحقیقات شروع کر دی تھی۔
اخبار نے معاملے کے بارے میں معلومات رکھنے والے افراد کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ گیٹس نے مارچ 2020 میں بورڈ کی سربراہی چھوڑ دی تھی۔
بورڈ نے 2020 میں فیصلہ کیا تھا کہ ارب پتی گیٹس کے لیے مناسب نہیں کہ وہ بورڈ کے ساتھ مزید جڑے رہیں کیونکہ بورڈ ماضی میں ان کے کارپوریشن کی ایک ملازم خاتون کے ساتھ اس معاشقے کی چھان بین کر رہا تھا۔
گیٹس کے ترجمان نے اخبار کو بتایا کہ ’یہ 20 سال پرانا قصہ ہے جسے خوش اسلوبی سے نمٹایا جا چکا ہے۔‘
ترجمان کے مطابق گیٹس نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دینے کے لیے کارپوریشن کے بورڈ کو چھوڑا۔
گیٹس اور ان کی سابقہ اہلیہ میلنڈا نے عالمی سطح پر غربت اور بیماریوں سے لڑنے کے لیے مشترکہ طور پر فاؤنڈیشن قائم تھی۔
تاہم جوڑے کی 27 برس تک جاری رہنے والی شادی اس سال تین مئی کو ختم ہو گئی۔
مائیکروسافٹ کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ 2019 کی دوسری ششماہی میں کمپنی کو خبردار کیا گیا تھا کہ ’بل گیٹس 2000 میں کمپنی کی ایک ملازم خاتون کے ساتھ خفیہ تعلقات قائم کرنا چاہتے تھے جس پر بورڈ نے صورت حال کا جائزہ لینے کے لیے قانونی معاونت پر مبنی کمیٹی قائم کی، جس کا مقصد معاملے کی مکمل چھان بین کرنا تھا۔‘
دوسری جانب وال سٹریٹ جرنل نے لکھا ہے کہ مائیکروسافٹ کی ملازم خاتون انجینیئر نے ایک خط میں دعویٰ کیا کہ ان کا گیٹس کے ساتھ کئی سال تک جسمانی تعلق رہا۔
اخبار کے مطابق بورڈ کے بعض ارکان نے گیٹس اور بدنام زمانہ سرمایہ کار جیفری ایپسٹین کے درمیان تعلق کے بارے میں بھی سوال کیا تھا۔
جیفری ایپسٹین نے مقدمے کی کارروائی کے انتظار میں 2019 میں جیل میں خود کشی کر لی تھی۔ ان پر بچوں کی مبینہ سمگلنگ کا مقدمہ بنایا گیا تھا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اخبار کے مطابق گیٹس کی ٹیم نے بورڈ کو یقین دلایا تھا کہ مائیکروسافٹ کے بانی نے ’فلاحی سرگرمیوں‘ کے لیے ایپسٹین سے ملاقات کی تھی جس کا انہیں افسوس ہے۔
1975 میں مائیکروسافٹ کی بنیاد رکھنے والے گیٹس 2000 میں کارپوریشن کی سربراہی سے الگ ہو گئے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ فلاحی سرگرمیوں میں مصروف اپنی فاؤنڈیشن پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے 2008 میں مائیکروسافٹ سے مکمل علیحدگی اختیار کر لی۔ بعد ازاں 2020 میں بورڈ کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے کمپنی میں اپنا آخری عہدہ بھی چھوڑ دیا۔