پشاور زلمی کے کھلاڑیوں حیدر علی اور عمید آصف کو پی ایس ایل 6 کے لیے بنائی گئی بائیو سیکیور پروٹوکولز کی خلاف ورزی کرنے پر معطل کردیا گیا ہے جس کے بعد وہ آج ہونے والے ٹورنامنٹ فائنل میں نہیں کھیلیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف بائیو سیکیور ببل کے باہر موجود افراد سے ملاقات کی بلکہ ان افراد سے مقرہ سماجی فاصلہ بھی نہیں برقرار رکھا۔
اعلامیے کے مطابق دونوں کھلاڑیوں نے کرونا وائرس کے پیش نظر لیگ کے مقررہ پروٹوکولز کی خلاف ورزی کا اعتراف کیا ہے۔
پی سی بی کے مطابق بدھ کو پیش آنے والے اس واقعے پر ٹورنامنٹ کے کووڈ 19 منیجمنٹ پینل نے دونوں کھلاڑیوں کی معطلی سے متعلق فیصلہ جمعرات کو کیا۔ پینل میں پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر بیرسٹر سلمان نصیر اور ڈائریکٹر کمرشل بابر حامد شامل تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بیان میں کہا گیا کہ اس واقعے کے بعد دونوں کرکٹرز اپنے سکواڈ میں شامل کسی دوسرے رکن سے نہیں ملے اور اب یہ دونوں روم آئسولیشن میں جا چکے ہیں۔
بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی کرنے پر حیدر علی قومی کرکٹ ٹیم کے دورہ انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز سے بھی باہر ہوگئے ہیں، جبکہ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مشاورت کے بعد صہیب مقصود کو حیدر علی کے متبادل کی حیثیت سے سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔
صہیب مقصود پی ایس ایل 6 کے 11 میچز میں اب تک 363 رنز بناچکے ہیں۔ اس دوران ان کے رنز بنانے کی اوسط 40.33 اور سٹرائیک ریٹ 153کے قریب رہا۔
صہیب مقصود اس سے قبل 26 ون ڈے اور 20 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔