میک اپ آرٹسٹ سحر احمد فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک گلابی اور سیاہ رنگ کی ’گلٹر‘ نامی وین میں محو سفر رہتی ہیں جس پر میرلین منرو کی تصویر چھپی ہوئی ہے اور جملہ ’خوبصورتی راستے میں‘ بھی درج ہے۔
اس بس کی خدمات دلہنوں اور ایسے صارفین کو فراہم کی جاتی ہے جو وقت کی کمی کے باعث سیلون نہیں پہنچ پاتے۔
یہ ہیر اینڈ بیوٹی سیلون کووڈ 19 کے باعث عائد کی جانے والی بندشوں سے متاثر ہو کر شروع کیا گیا جب خواتین کو بیوٹی پارلرز تک رسائی میں مشکلات درپیش تھیں۔
اس کے علاوہ انہیں مغربی کنارے میں موجود چیک پوائنٹس کے باعث بھی نامساعد حالات کا سامنا تھا۔
یاسمین سیلون میں کام کرنے والی سحراحمد نے پورٹ ایبل بیوٹی سیلون کا منصوبہ سیلون کی مالکن یاسمین محمد کے ساتھ اشتراک سے شروع کیا ہے۔
سحر احمد کہتی ہیں کہ ’مجھے اس کا خیال آیا کیونکہ ہم موبائل ریستوراں کو کام کرتا دیکھ چکے ہیں۔ ہم نے انہیں ٹی وی پر بھی دیکھا ہے لیکن ہمارے پاس فلسطین میں یہ موجود نہیں ہیں۔ اس لیے میں نے ایک موبائل سیلون کا سوچا۔ یہ اچھی بات ہے کہ خواتین کو ایسی خدمات فراہم کی جائیں جو ان تک پہنچ سکیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سیلون کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سحر احمد کا کہنا ہے کہ ’ہمارا سیلون بہت الگ ہے۔ جب ہم اپنی گاڑی صارف کے گھر کے قریب پارک کرتے ہیں تو ہمیں پرائیویسی ملتی ہے کیونکہ ہم ایک وقت میں صرف ایک فرد یا گروہ کو خدمات فراہم کرتے ہیں اور سیلون کے اندر زیادہ لوگ نہیں ہوتے۔‘
سیلون کی مالک یاسمین محمد کہتی ہیں ’اس سیلون کی دور دراز کے علاقوں میں بہت مانگ ہے۔ لوگ چاہتے ہیں کہ وہ ہم تک پہنچ سکیں تو ہم نے ان کو اس مشکل سے بچا لیا ہے اور اپنی خدمات کو ان کے دروازے تک پہنچا دیا ہے۔‘
یاسمین محمد اور سحر احمد اپنے کاروبار میں وسعت کی خواہش مند ہیں اور وہ اس حوالے سے مزید منی بسز کے ذریعے یہ خدمات فراہم کرنا چاہتی ہیں۔