عمر شریف کو ویزہ تو مل گیا، ایئر ایمبولینس کا انتظار ہے: جواد شریف

عمر شریف کے صاحبزادے جواد شریف نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ الحمدللہ عمر شریف صاحب کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔

سندھ حکومت نے دو دن کے دوران پاکستان کے عظیم کامیڈین عمر شریف کے لیے چار کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کی ہے(تصویر: عمر شریف آفیشل فیس بک پیج)

پاکستان کے ہر دل عزیز کامیڈین اور اداکار عمر شریف کے صاحبزادے جواد شریف نے جمعرات کو انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا ہے کہ ان کے والد ’عمر شریف اور ان کے اہل خانہ کو امریکہ جانے کے لیے ویزہ مل گیا ہے۔‘

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی اس کی تصدیق کی ہے۔

شہباز گل کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھا کہ: ’عمر شریف صاحب اور ان کے اہل خانہ کو امریکہ کے ویزاز جاری ہو گئے ہیں۔ اب وہ جلد اپنے علاج کے لیے  امریکہ روانہ ہوں گے۔ ان کے اہل خانہ نے اس پورے عمل میں تعاون پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم صاحب دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی عمر شریف صاحب کو جلد صحت یاب کرے۔‘

اس حوالے سے ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب نے بھی ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے کہا: ’میں یہ بتانے میں خوشی محسوس کر رہا ہوں کہ آج امریکی قونصلیٹ میں عمر شریف صاحب کے اہل خانہ کے انٹرویوز ہو چکے ہیں۔ میں امریکی قونصلیٹ کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے عمر بھائی کی طبعیت ناساز ہونے کے باعث انہیں قونصلیٹ میں نہ آںے کی چھوٹ دی۔ ہم سب کو مل کر برصغیر کے عزیز کامیڈین کی بہتر صحت کے لیے دعا کرنی چاہیے۔‘

انہوں نے مذید لکھا کہ ’میں یہ بتانے میں اور زیادہ خوش ہوں کہ انہیں ویزہ مل گیا ہے۔ امریکی قونصلیٹ کے تعاون اور مدد کا شکریہ۔‘

عمر شریف کے صاحبزادے جواد شریف نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’الحمدللہ عمر شریف صاحب کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔ ایئر ایمبولینس کو پاکستان لانے کے لیے پہلے امریکی ویزہ کی ضرورت تھی جو ہمیں مل گئے ہیں۔ اب ایئر ایمبولینس والوں سے رابطہ کیا جارہا ہے اور ان سے معلومات کی جائیں گی آگے کے عمل کی۔‘

ان کا مذید کہنا تھا کہ: ’ڈاکٹرز نے ہمیں کہا ہے کہ ہمیں انہیں ایئرایمبولینس میں سفر کرنے سے 24 گھنٹے پہلے اطلاع دینی ہے تاکہ وہ میرے والد (عمر شریف) کو اسی مناسبت سے ادویات دیں تاکہ انہیں ہوائی سفر کرنے میں آسانی ہوجائے۔‘

تاہم جواد شریف کو ابھی اس کا اندازہ نہیں ہے کہ ایئر ایمبولینس کے انتظامات میں کتنا وقت لگے گا۔

حکومت سندھ نے کیا مدد کی؟

سندھ حکومت نے دو دن کے دوران پاکستان کے عظیم کامیڈین عمر شریف کے لیے چار کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کی ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے عمر شریف کے علاج کے لیے محکمہ خزانہ سندھ کی جانب سے حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ اس حکم نامے کے مطابق ’سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کے لیے چار کڑوڑ روپے کی رقم محکمہ صحت سندھ کو جاری کردیے ہیں اور ان کے لیے ایئر ایمبولینس کا بھی انتظام کردیا گیا ہے۔‘

محکمہ صحت سندھ کے ترجمان عاطف وگھیو نے بتایا کہ ’چار کروڑ روپے میں سے تین کروڑ روپے ایئر ایمبولنس کے خرچے میں جائیں گے۔ یہ پیسے عمر شریف کے نام پر سینکشن کیے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر محکمہ صحت کی جانب سے عمر شریف صاحب کو چار کڑوڑ روپے کا چیک دیا جارہا تھا مگر کیوں کہ وہ انتہائی علیل ہیں اس لیے مسئلہ یہ آرہا تھا ان کے اہل خانہ اس رقم کو کیسے استعمال کر سکیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

عاطف نے مذید بتایا کہ سندھ حکومت کی جانب سے تین کروڑ روپے ایئر ایمبولینس کے نام پر دیے گئے ہیں۔ بقایہ ایک کروڑ روپے بھی عمر شریف صاحب کے علاج کے لیے ہی ان کے اہل خانہ میں سے کسی کے نام پر جاری ہوں گے۔

ان کے مطابق فی الحال یہ طے نہیں ہوا ہے کہ کس کے نام پر رقم جاری ہوگی کیوں کہ ان کی تین بیویاں ہیں۔

عمر شریف کو کیا عارضہ ہے؟

کامیڈی کنگ عمر شریف کچھ عرصے سے دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ چند دن قبل ان کی ایک تصویر وائرل ہوئی جس میں وہ کافی بیمار نظر آرہے تھے اور وہیل چیئر پر بیٹھے تھے۔

چند دنوں بعد سوشل میڈیا پر عمر شریف کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے اپنے علاج میں مدد کرنے کی اپیل کی تھی۔

یہ ویڈیو اے آر وائی نیوز کے ٹاک شو ’الیونتھ آور‘ میں دکھائی گئی تھی۔ ان کا اس ویڈیو پیغام میں کہنا تھا ’ڈاکٹرز نے کہا ہے مجھے بہتر علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہیے۔ ڈاکٹرز کے مطابق میرا بہتر علاج امریکہ میں ہوسکتا ہے۔ جتنا میری قسمت میں لکھا تھا میں نے اتنا عمران خان کی شوکت خانم کینسر ہسپتال بنانے میں مدد کی۔‘

ان کا مذید کہنا تھا کہ ’میں عمر شریف مخاطب ہوں وزیراعظم پاکستان جناب عمران خان  صاحب سے۔ عمران خان صاحب جب بھی کوئی چیز کی ہے آپ نے مجھے فون کیا ہے۔ میں نے ہمیشہ آپ کی آواز پر لبیک کہا ہے۔ اسی لیے مجھے یقین ہے آپ بھی میری آواز پر لبیک کہیں گے۔‘

اس کے بعد عمر شریف کی اہلیہ زرین عمر نے عمر شریف کے فیس بک پیج سے ان کے مداہوں کو ان کی طبیعت کے بارے آگاہ کیا اور کہا کہ ’عمر شریف کے لیے اگلے 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں لہذا جتنا ہوسکے ان کے لیے دعائیں کی جائیں۔‘

زرین عمر نے اس کے علاوہ اس وضاحتی پوسٹ میں یہ بھی بتایا کہ وہ اور جواد عمر حکومتی حکام سے رابطے میں ہیں۔ عمر شریف اور ان کے اہل خانہ نے حکومت یا کسی اور ادارے سے کسی قسم کی مالی امداد کی درخواست نہیں کی بلکہ وہ صرف عمر شریف کے لیے امریکہ کا ویزہ جلد سے جلد حاصل کرنے کے لیے مدد مانگ رہے ہیں۔

مشہور پاکستانی اداکارہ ریما خان کے شوہر ڈاکٹر طارق شاہاب نے امریکہ میں ان کے علاج کرنے اور اس کے خراجات اٹھانے کی حامی بھری جس پر ریما نے کہا کہ انہیں اپنے شوہر پر فخر ہے۔

فیس بک پر اظہار خیال کرتے ہوئے ریما خان کا کہنا تھا کہ ’عمر شریف برصغیر کے عظیم کامیڈینز میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ دوسرے لوگوں کو ہنسانے او مسکرانے کے لیے بہت محنت کی ہے۔ اب مجھے یہ جان کر دکھ ہوتا ہے کہ وہ اپنی بیماری کے باعث شدید تکلیف میں مبتلا ہیں۔ مجھے فخر ہے کہ میرے شوہر ڈاکٹر سید طارق شہاب نے ان کے ہائی رسک پروسیجر کرنے کی حامی بھری ہے اور وہ عمر شریف کو امریکہ لانے میں ان کی فیملی کی مدد کررہے ہیں۔‘

فی الحال عمر شریف، ان کی اہلیہ زرین عمر اور ان کے بیٹے جواد شریف کو امریکہ کا ویزہ مل گیا ہے۔ اب ایئر ایمبولینس کے انتظامات جاری ہیں۔ اگلے 24 سے 48 گھنٹوں میں عمر شریف کو علاج کے لیے امریکہ لے جایا جاسکتا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی فن