بھارت کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی کے بعد ویراٹ کوہلی اس سیزن انڈین پریمیئر لیگ کے اختتام پر رائل چیلنجرز بنگلور کی کپتانی بھی چھوڑ دیں گے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کوہلی نے پہلے ہی اعلان کر رکھا ہے کہ وہ اکتوبر اور نومبر میں متحدہ عرب امارات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد اس فارمیٹ میں ٹیم کی کپتانی کو خیر آباد کہہ دیں گے۔
ویراٹ کوہلی نے اتوار کو ٹوئٹر پر جاری ایک ویڈیو پیغام میں کہا: ’میں نے آج شام (آئی پی ایل) ٹورنامنٹ کا دوسرا مرحلہ شروع ہونے سے پہلے سکواڈ سے بات کی ہے تاکہ سب کو بتا سکوں کہ یہ بطور کپتان میرا آخری سیزن ہو گا۔‘
— Virat Kohli (@imVkohli) September 16, 2021
انہوں نے مزید کہا: ’یہ کچھ وقت سے میرے ذہن میں تھا تاکہ میں اپنے کام کا بوجھ سنبھال سکوں جو پچھلے کئی سالوں سے بہت بڑھ گیا ہے۔ میں ان ذمہ داریوں کے لیے پرعزم رہنا چاہتا ہوں جو میں پوری کر رہا ہوں۔ میں نے محسوس کیا ہے کہ مجھے تازہ دم ہونے، دوبارہ منظم ہونے اور بالکل واضح ہونے کے لیے وقت درکار ہے کہ میں کس طرح آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کوہلی 2013 سے بنگلور کی قیادت کر رہے ہیں لیکن ابھی تک دنیا کی سب سے زیادہ منافع بخش ٹی ٹوئنٹی لیگ نہیں جیت سکے۔ کوہلی نے کہا کہ وہ بنگلور کے ساتھ بطور کھلاڑی اپنا سفر جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا: ’میں نے مینجمنٹ پر واضح کر دیا ہے کہ میں RCB (بنگلور) کے علاوہ کسی اور ٹیم سے کھیلنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔‘
32 سالہ کوہلی نے 2017 میں ایم ایس دھونی کی جانب سے قیادت چھوڑنے کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی سنبھالی تھی۔ تاہم ان پر ورلڈ کپ یا چیمپئنز ٹرافی نہ جیتنے کے سبب دباؤ تھا۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ کوہلی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد بھی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔