پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے چکاب میں ایرانی سرزمین سے فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کی سرحدی چوکی پر حملے کے نتیجے میں ایک سپاہی چل بسا جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عسکریت پسندوں نے ایف سی کی چوکی کو چھوٹے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔
واقعے میں جان سے جانے والے سپاہی کی شناخت مقبول شاہ کے نام سے ہوئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرانی حکام کو اس واقعے کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل منگل (28 ستمبر) کی رات خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں پاکستانی سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین فائرنگ کے تبادلے میں چار کمانڈروں سمیت 10 عسکریت پسند ہلاک ہوگئے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیاروں کو بھی قبضے میں لیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا کہ ہلاک عسکریت پسند ماضی میں شہریوں اور سکیورٹی فورسز پر حملوں میں ملوث تھے اور مزید حملے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
فوج نے اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی یہ بتایا کہ مارے گئے عسکریت پسندوں کا تعلق کس تنظیم سے تھا۔
جنوبی وزیرستان چند سال پہلے تک کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور دیگر عسکریت پسندوں کا گڑھ ہوا کرتا تھا، بعدازاں یہاں ہونے والے فوجی آپریشنز کے بعد یہ علاقہ کلیئر ہونے کا دعویٰ کیا گیا، لیکن اب بھی کبھی کبھار حملے ہوتے رہتے ہیں۔