پاکستان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کے سکیورٹی اداروں کو شمالی وزیرستان واقعے کی وضاحت پیش کرنے کے لیے اکیلا چھوڑ دیا ہے۔
ان خیالات کا اظہار مریم نواز نے منگل کے روز یوم تکبیر کے حوالے سے لاہور میں پرجوش اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔ پاکستان نے 28 مئی 1998 کو ایٹمی دھماکے کیے تھے۔ اُس وقت ملک میں نواز شریف کی حکومت تھی، یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ ن ہر سال 28 مئی کو یوم تکبیر کے طور پر مناتی ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی نے کہا کہ قبائلی علاقے اب خیبر پختونخوا کا حصہ ہیں، جہاں تحریک انصاف کی حکومت ہے۔ قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانا کوئی عسکری فیصلہ نہیں تھا۔ یہ قدم سیاسی قیادت اور سیاسی حکومتوں نے اٹھایا تھا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ شمالی وزیرستان واقعے کے بعد حکومت کہیں بھی نظر نہیں آرہی اور نہ ہی اس سلسلے میں وزیراعظم کا کوئی بیان سامنے آیا۔ دوسری جانب واقعے کا الزام ایک منتخب رکن قومی اسمبلی پر لگا ہے، جو ایک سیاست دان ہیں تو اس سے متعلق حکومتی موقف بھی سیاسی رہنما کی طرف سے آنا چاہیے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ وزیراعظم عمران خان نے سکیورٹی فورسز کو شمالی وزیرستان کی صورت حال کا جواب دینے کے لیے اکیلا چھوڑ دیا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اتوار کو شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوئے تھے۔ فائرنگ کا یہ واقعہ ایک سکیورٹی چیک پوسٹ کے قریب پیش آیا تھا، جہاں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے کارکنان احتجاج کر رہے تھے۔ فائرنگ سے متعلق متضاد دعوے سامنے آئے اور پاکستانی فوج اور پی ٹی ایم نے اس کی ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کی۔
اپنے خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ ان کے والد نے جب دہشت گردی کے خلاف ضرب عضب کے نام سے عسکری کارروائی کا حکم دیا تو وہ بحیثیت وزیراعظم پوری قوم کے ساتھ کھڑے تھے۔
ساتھ ہی انہوں نے تنقید کی، ’یہ کیسی جمہوریت ہے کہ سکیورٹی اداروں کو کھڑا کر کے سیاسی قیادت خود غائب ہو گئی ہے۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے تحریک انصاف حکومت کی معاشی پالیسیوں اور احتساب کے عمل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا: ’وزیر اعظم عمران خان خوف کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انہیں نواز شریف کا خوف ہے اور حکومت اسی خوف کے باعث نواز شریف کو چھوٹے الزامات کے تحت جیل میں رکھے ہوئے ہے۔‘
مریم نواز نے مزید کہا کہ ’عمران خان کی حکومت ہر بات میں کسی کی محتاج ہے۔ یہ ہمیشہ کسی کے اشاروں کا انتظار کرتے رہتے ہیں۔‘