سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کا سعودی عرب کا تین روزہ دورہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم عمران خان ریاض میں ’مڈل ایسٹ گرین انیشی ایٹو سمٹ‘ کے افتتاح کے موقع پر 23 سے 25 اکتوبر تک مملکت کا دورہ کریں گے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی کابینہ کے دیگر اراکین کا اعلیٰ سطحی وفد ان کے ہمراہ ہوگا۔
وزارت خارجہ کے مطابق ایم جی آئی سمٹ میں وزیر اعظم عمران خان ماحولیاتی تبدیلی سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش مسائل کے بارے میں بات کریں گے۔ وہ ماحولیاتی مسائل سے نمٹنے کے لیے فطرت پر مبنی پاکستان کے اقدامات اور ان سے حاصل ہونے والے تجربات پر بھی روشنی ڈالیں گے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مشرق وسطیٰ میں اپنی نوعیت کی پہلی سمٹ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا انیشی ایٹو ہے۔
وزیراعظم عمران خان سعودی قیادت کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گے، جس میں معاشی اور تجارتی تعلقات کو آگے بڑھانے، پاکستانی افرادی قوت کے لیے مزید مواقع پیدا کرنا اور مملکت میں پاکستانی شہریوں کی فلاح جیسے موضوع شامل ہوں گے۔ دونوں فریق باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
دورے کے دوران وزیر اعظم پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے منعقد ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گے اور مملکت میں سعودی اور پاکستانی سرمایہ کاروں اور تاجروں سے بات چیت کریں گے۔
وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی بھائی چارہ رہا ہے اور یہ دورہ بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور مثبت تعلقات کو مزید بڑھائے گا۔