دبئی: دو ارب روپے جیتنے والے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور

50 ملین درہم جیتنے والے جنید ماہانہ چھ ہزار درہم کماتے ہیں اور ایک چار سالہ بیٹی اور دو سالہ لڑکے کے والد ہیں ۔ ان کی اہلیہ جو پاکستان میں رہتی ہیں اس وقت تیسرے بچے کی امید سے ہیں۔

دبئی کی لاٹری میں دو ارب 37 کروڑ روپے جیتنے والے پاکستانی جنید رانا نے انکشاف کیا کہ وہ صرف آخری دن قرعہ اندازی میں شامل ہوئے۔

50 ملین درہم جیتنے والے جنید ماہانہ چھ ہزار درہم کماتے ہیں اور ایک چار سالہ بیٹی اور دو سالہ لڑکے کے والد ہیں۔ ان کی اہلیہ جو پاکستان میں رہتی ہیں اس وقت تیسرے بچے کی امید سے ہیں۔

جنید نے کہا ’میں نے آنکھیں بند کیں اور نمبر اٹھا لیے۔‘

’میں نے کبھی مہنگی چیزیں حاصل کرنے کا خواب نہیں دیکھا تھا۔ میں ایک سادہ آدمی ہوں اور میں خوش ہوں۔‘

خلیج ٹائمز کے مطابق جنید نے بتایا کہ وہ ڈیوٹی کے بعد اپنے ساتھی کے ساتھ بیٹھے تھے جب انہیں پتہ چلا کہ وہ جیک پاٹ جیت گئے ہیں۔

’میرے ساتھی نے مجھے بتایا کہ کسی نے 50 ملین درہم جیت لیے ہیں۔ میں نے کہا ، اچھا ، مجھے اپنے نمبر چیک کرنے دیں۔‘

پاکستان میں مشترکہ خاندانی نظام سے آنے والے جنید نے کہا ’میں نے ہفتے کو گھر فون کیا تھا اور میری بہن نے فون اٹھایا۔ جب میں نے اس سے پوچھا کہ میری بیوی کہاں ہے تو اس نے مجھے بتایا کہ وہ نماز پڑھ رہی ہے۔ میں نے اسے کہا کہ اس سے کہو کہ وہ دعا کرے کہ میں لاٹری جیت جاؤں۔ میرے خیال میں یہ میری بیوی کی دعا تھی جو قبول ہوئی، اسی وجہ سے میں اپنے تیسرے بچے کا نام ’دعا‘ رکھوں گا۔‘

جنید اپنی جیتی گئی رقم خرچ کرنے کے حوالے سے ایک مکمل پلان رکھتے ہیں۔ ’مجھ پر اس وقت 100،000 درہم کا قرض ہے۔ میرے بھائی نے بھی کچھ قرض اٹھایا تھا، میں سب سے پہلے اسے ادا کروں گا۔ میرا اگلا منصوبہ دبئی اور پاکستان میں اپنے خاندان کے لیے ایک بڑا گھر خریدنا ہوگا۔ میں نسان سکائی لائن جی ٹی آر اپنی ڈریم کار جلد خریدنا چاہوں گا۔‘

جنید کی پرورش متحدہ عرب امارات میں ہوئی جہاں ان کے والد ٹیلرنگ کا چھوٹا سا کاروبار رکھتے تھے۔ کچھ سال پہلے ان کے والد بیمار ہو گئے اور علاج کے لیے پاکستان واپس چلے گئے، جنید بھی اپنے وطن واپس چلے گئے جہاں انہوں نے پانچ سال تک اپنے والد کی دیکھ بھال کی۔ جنید اب اپنی والدہ، بیوی اور بچوں کو جلد متحدہ عرب امارات لانے کے منتظر ہیں۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا