جدہ میں ملبے کے نیچے سے چار دہائیوں قبل سعودی عرب کے معروف فنکار کی جانب سے بنائے گئے فن پارے حادثاتی طور پر دریافت ہوئے ہیں۔
تعمیرات میں مصروف مزدور اس وقت دنگ رہ گئے جب انہیں عمارتوں کے ملبے اور کوڑے کرکٹ کے نیچے چھپے ہوئے بڑے بڑے پتھروں پر نقاشی کے نمونے ملے۔
اس دریافت کے بعد سعودی وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن فرحان السعود نے ایک ٹویٹ میں انکشاف کیا کہ یہ فن پارے عظیم سعودی فنکار عبدالحلیم ردوی نے 1981 میں بنائے تھے۔
فن کے یہ نمونے قدیم جدہ کی بحالی کے پراجیکٹ پر کام کے دوران دریافت ہوئے۔
طائف کے آرٹ اینڈ کلچر ایسوسی ایشن کی رکن اور معروف آرٹسٹ اہلام مشہدی نے کہا کہ یہ فن پارہ چار دہائیوں تک دنیا کی نظروں پوشیدہ رہا اور اب حادثاتی طور پر سامنے آیا ہے۔
ان کے بقول: ’یہ دیکھ کر خوشی ہوتی ہے کہ اس خوبصورت ورثے میں کتنی دلچسپی لی جا رہی ہے اور اس کی دیکھ بھال کے لیے اچھے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔‘
کلچر اینڈ آرٹ ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر فیصل الخدیدی نے ردوی کو ملک کے عظیم فنکاروں میں سے ایک اور سعودی آرٹ کا بانی قرار دیا۔
عبدالحلیم ردوی 2006 میں جدہ میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔ انہوں نے اپنی پہلی نمائش سعودی عرب میں منعقد کی تھی لیکن انہیں زیادہ پزیرائی نہیں ملی تھی۔
انہیں سعودی پلاسٹک آرٹ کے بانیوں میں سے ایک سمجھا جاتا تھا اور وہ فنون کو تعلیمی مشن میں شامل کرنے والے پہلے شخص تھے۔
الخدیدی نے کہا کہ عبدالحلیم ردوی کے فن کا ایک منفرد انداز تھا اور انہوں نے گردش اور مقناطیسی کشش کے فلسفے پر اپنی تخلیقات بنائی ہیں۔
انہوں نے عرب نیوز کو بتایا: ’ردوی نے شعوری طور پر اپنے فن میں کعبہ کے گرد گردش کے پیٹرن کی طرز پر کام کیا ہے۔ ان کے فن کا انداز مختلف تھا جن میں پینٹنگ اور مجسمے شامل تھے اور جدہ سے دریافت ہونے والا فن پارہ ان کی انہیں مہارت اور تخلیقی صلاحیتوں کا مظہر ہے خاص اس وقت جب مجسمہ سازی کے سامان اور آلات حاصل کرنا مشکل تھا۔ ردوی کے منفرد انداز نے ان کے فن کو مقبول بنایا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
مشہدی نے عرب نیوز کو بتایا: ’ردوی کے دریافت ہونے والے منفرد فن پارے کی خصوصیات اس کی نازک جزویات اور نوشتہ جات سے واضح ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا: ’یہ فن پارہ جدہ شہر کے لینڈ کارکس اور یہاں کی ثقافت کی عکاسی کرتا ہے اس کے علاوہ اس پر قرآنی آیات اور دیگر فقرے بھی شاندار انداز میں کندہ کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ فن پارے میں جمالیاتی اور آرائشی عناصر شامل کیے گئے جس سے یہ بہت زیادہ خوبصورت اور پر کشش نظر آتا ہے۔‘
ردوی کے فن کو دنیا بھر میں کی نمائشوں میں پیش کیا اور اور انہوں نے خود بھی اپنے کیریئر کے دوران 100 سے زیادہ نجی شوز کرائے تھے۔ جدہ میں ان کے 15 فن پارے نصب ہیں جو ان کی شہرت کی باعث ہیں۔