پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بارش سے متاثرہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں اچانک مہمان ٹیم کی جیت کے امکانات پیدا ہو گئے ہیں۔
ڈھاکہ میں کھیلا جانے والا یہ ٹیسٹ میچ پہلے دن سے ہی بارش سے متاثر رہا اور ایسا لگ رہا تھا کہ شاید یہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ہی ختم ہو جائے گا۔
مگر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے بیچ وقفے وقفے سے جاری کھیل اب ایسے موڑ پر آ گیا ہے جہاں امید پیدا ہو گئی ہے کہ پاکستان اس میچ کو جیت سکتا ہے۔
ہوا کچھ یوں کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور سیریز کے پہلے میچ میں ناکام ہونے والے بلے بازوں نے عمدہ کھیل پیش کیا اور پہلی اننگز میں چار وکٹوں کے نقصان پر تین سو رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی۔
پاکستان کی جانب سے اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم اور محمد رضوان نے نصف سنچریز سکور کیں۔
لیکن سب سے اہم کردار سپن بولر ساجد خان نے ادا کیا جو اب تک پاکستان کی طرف سے ون مین شو بن کر سامنے آئے ہیں۔
پاکستان کے پہلی اننگز کے تین سو رنز کے جواب میں بنگلہ دیش نے اب تک سات وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنائے ہیں جن میں سے چھ وکٹیں ساجد خان نے حاصل کی ہیں جبکہ ایک بلے باز رن آؤٹ ہوئے تھے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس طرح میزبان ٹیم کو فالو آن سے بچنے کے لیے ابھی مزید 25 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی تین وکٹیں ابھی باقی ہیں اور اس میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ تجربہ کار شکیب الحسن بھی کریز پر موجود ہیں۔
اگر پاکستان دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز ابتدائی گھنٹے میں میزبان ٹیم کو فالو آن کرنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اس کے پاس پورے دو سیشنز ہوں گے بنگلہ دیش کو دوبارہ آؤٹ کرنے کے لیے۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے کھیل پر چھائے رہنے والے سپنر ساجد خان کا بھی یہی کہنا ہے کہ ’اس وقت ہم اچھی پوزیشن میں ہیں، امید ہے میچ جیت جائیں گے۔‘
چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد ساجد خان کا کہنا تھا کہ ’آج پچ سے بہت مدد مل رہی تھی اور کپتان بابر اعظم نے کہا تھا کہ صرف جیت کے لیے جانا ہے۔‘
ساجد خان نے کہا کہ ’کوشش یہی ہے کہ میزبان ٹیم کو دونوں اننگز میں آؤٹ کرلیں۔‘
انہوں نے میچ کے حوالے سے مزید کہا کہ ’ہم صرف جارحانہ انداز اپنائے میدان میں اترے ہیں۔‘
واضح ہے کہ پاکستان پہلے ہی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔