چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے قائداعظم ٹرافی کے فائنلسٹ کھلاڑیوں کو کراچی کے ایک فائیو سٹار ہوٹل سے نکالے جانے کے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
جمعرات کو مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رمیز راجا نے کہا کہ ’مجھے گذشتہ شب معلوم ہوا کہ قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ہوٹل سے باہر نکال دیا گیا ہے، جس کا مجھے بہت افسوس ہے اور اس واقعے کی مکمل تحقیق کی جائے گی کہ ایسا کیوں ہوا۔‘
چیئرمین رمیز راجا کے مطابق وہ سٹیڈیم کے اطراف کی خالی جگہ پر فائیو سٹار ہوٹل بنانا چاہتے ہیں۔
یہ واقعہ گذشتہ رات کراچی کے علاقے کلب روڈ پر واقع ہوٹل میں پیش آیا۔ مقامی میڈیا کے مطابق ایک فائیو سٹار ہوٹل نے قائد اعظم ٹرافی میں شریک ٹیموں کیلئے پاکستان کے ’سٹار کھلاڑیوں سمیت تمام کھلاڑیوں کو اچانک نکال دیا۔‘
پی سی بی ترجمان نے کھلاڑیوں کو ہوٹل سے نکالے جانے کی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا نہیں تھا۔ یہ معاملہ ہوٹل کمرے کی ریزرویشن کے متعلق ایک غلط فہمی کی وجہ سے ہوا ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے پی سی بی ترجمان نے بتایا: ’یہ سب ایک غلط فہمی کے باعث ہوا۔ ہوٹل انتظامیہ نے کسی بھی کھلاڑی کو نہیں نکالا۔ ہم نے قائد اعظم ٹرافی کی ناردرن اور خیبر پختونخوا فائنلسٹ ٹیموں کے لیے 22 اگست تک کمرے بک کرائے تھے۔ جبکہ 25 دسمبر سے ہونیوالے فائنل کیلئے دو ٹیموں کی مزید بکنگ کو بروقت کنفرم نہیں کیا گیا تھا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ترجمان کے مطابق ’جب ان کو بکنگ کے لیے کہا گیا تو ہوٹل انتظامیہ نے کہا ان کے پاس ایک اور گروپ آنے کی وجہ سے پہلے سے تمام کمرے بک ہو گئے ہیں۔ اس لیے ہم نے کھلاڑیوں کو ایک اور ہوٹل میں شفٹ کر دیا۔ ہوٹل نے کسی بھی کھلاڑی کو نہیں نکالا۔‘
یاد رہے پاکستان کی علاقائی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والے قائد اعظم ٹرافی پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ چیمپئن شپ ہے۔ جس میں مختلف ٹیموں کے ساتھ پاکستان کے ٹاپ سٹارز بھی شامل ہیں۔
25 دسمبر کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم خیبر پختونخوا کرکٹ ایسوسی ایشن اور ناردرن کرکٹ ایسوسی ایشن کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔
قائد اعظم ٹرافی کے لیے خیبر پختوانخوا کے سکواڈ میں پاکستانی ٹیم کے بلے باز فخر زمان، افتخار احمد اور فہیم اشرف کے علاوہ سپنر ساجد خان اور صاحب زادہ فرحان بھی شامل ہیں۔
جب کہ ناردرن کے سکواڈ میں عماد وسیم، سہیل تنویر، عمر امین، اور حماد اعظم شامل ہیں۔