امریکی ریاست ورجینیا میں کنفیڈریٹ جنرل رابرٹ ای لی کے مجسمے کے پلیٹ فارم (بنیاد) کو توڑنے والے مزدوروں نے زمین سے تانبے کا ایک باکس دریافت کیا ہے، جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اسے 130 سال پہلے دفن کیا گیا تھا۔
یہ بظاہر دوسرا ’ٹائم کیپسول‘ ہے، جو اس جگہ سے دریافت کیا گیا ہے۔
ورجینیا کے گورنر رالف نارتھم نے ٹوئٹر پر باکس کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا: ’انہوں نے اسے تلاش کرلیا۔‘
ساتھ ہی انہوں نے لکھا: ’یہ ممکنہ طور پر ٹائم کیپسول ہے، جسے ہر کوئی تلاش کر رہا تھا۔‘
They found it! This is likely the time capsule everyone was looking for. Conservators studying it—stay tuned for next steps! (Won’t be opened today) pic.twitter.com/3lWrsPGZd2
— Governor Ralph Northam (@GovernorVA) December 27, 2021
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 1887 کی ایک اخباری رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سول وار کے دوران شمالی ورجینیا کی فوج کی کمان کرنے والے جنرل رابرٹ ای لی کے مجسمے کے پلیٹ فارم میں چھپائے گئے ٹائم کیپسول میں بٹن اور گولیاں، کنفیڈریٹ کرنسی، نقشہ جات، مقتول صدر ابراہم لنکن کی تابوت میں لی گئی نایاب تصویر اور دیگر اشیا شامل ہیں۔
رالف نارتھم نے ایک اور ٹویٹ میں بتایا کہ یہ باکس منگل کو دوپہر ایک بجے کھولا جائے گا اور اس کا ایکسرے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا: ’ماہرین کا خیال ہے کہ اس میں سول وار کے دور کے سکے، کتابیں، بٹن اور یہاں تک کہ گولہ بارود بھی ہو سکتا ہے۔‘
X-rays give a first look inside the time capsule: Experts believe there may be coins, books, buttons, and even ammunition from the Civil War.
— Governor Ralph Northam (@GovernorVA) December 27, 2021
The box will be opened tomorrow at 1:00 PM! pic.twitter.com/zyVWoHa61o
اس سے قبل مزدوروں نے مجسمے کے پلیٹ فارم سے ملنے والے جوتوں کے سائز کے ایک اور باکس کو بھی نکالا تھا، لیکن واضح طور پر یہ وہ ٹائم کیپسول نہیں تھا، جس کا ذکر 1887 کے اخباری مضمون میں کیا گیا تھا۔
مذکورہ باکس میں سیلین زدہ تین کتابیں، گیلے کپڑے میں لپٹی ایک تصویر اور ایک سکہ مجود تھا۔
ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ اشیا مجسمے کو لگانے والے کچھ مزدوروں نے آئندہ نسلوں کے لیے یادگار کے طور پر چھوڑی تھیں۔
پیر کو ملنے والے ٹائم کیپسول کا سائز تقریباً دگنا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق مجسمے کو ہٹانے والی کمپنی کے مالک ڈیون ہنری نے بتایا کہ یہ باکس بنیادی طور پر زمین میں ایک گرینائٹ انکلوژر کے اندر پایا گیا تھا، جس کو چاروں طرف سے تعمیراتی ملبے سے بھرا گیا تھا۔
ہنری نے بتایا کہ مزدوروں نے گرینائٹ کے انکلوژر کے اوپری حصے کو کھینچا تو انہیں اس کے اندر باکس نظر آیا، جو بظاہر تانبے کا بنا ہوا نظر آتا ہے۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد باکس کو لپیٹ دیا گیا اور مزید تحقیق کے لیے اسے گاڑی کے ذریعے اس سائٹ سے بھیج دیا گیا۔
ورجینیا کے شہر رچمنڈ میں، جو کہ 65-1861 تک کی خونی سول وار کے دوران جنوب کا دارالحکومت تھا، لگا ہوا رابرٹ ای لی کا مجسمہ رواں برس ستمبر میں ہٹا گیا تھا۔
یہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، جس میں حالیہ مہینوں میں غلامی کی دور کی متعدد یادگاروں کو ہٹایا گیا۔
یہ مجسمہ گذشتہ سال ریاست مینیسوٹا میں ایک سفید فام پولیس افسر کے ہاتھوں قتل ہونے والے سیاہ فام شخص جارج فلائیڈ کی موت کے بعد نسلی انصاف کے لیے ہونے والے مظاہروں کا مرکز بنا۔
واضح رہے کہ سول وار کے دوران، کنفیڈریٹ ساؤتھ نے ریاست ہائے متحدہ سے علیحدگی اختیار کرکے غلامی کو برقرار رکھنے کے لیے لڑائی کی تھی، جسے باقی ملک نے ختم کر دیا تھا۔