وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر مستعفیٰ

وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ شہزاد اکبر کی جانب سے استعفیٰ دینے کا یہ اعلان پیر کے روز ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا گیا۔

مرزا شہزاد اکبر نے اعلان کیا کہ وہ پارٹی کے ساتھ منسلک رہیں گے (تصویر: ٹوئٹر، مرزا شہزاد اکبر)

وزیر اعظم عمران خان کے مشیر برائے احتساب و داخلہ مرزا شہزاد اکبر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔

شہزاد اکبر کی جانب سے استعفیٰ دینے کا یہ اعلان پیر کے روز ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کیا گیا۔

اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’میں نے وزیراعظم کے مشیر کی حیثیت سے آج استعفیٰ دے دیا ہے۔ میں مخلصانہ امید رکھتا ہوں کہ احتساب کا عمل وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کے منشور کے مطابق جاری رہے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ پارٹی کے ساتھ منسلک رہیں گے اور بحیثیت قانون دان اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

یونیورسٹی آف لندن کے گریجویٹ اور پیشے کے لحاظ سے قانون دان شہزاد اکبر اگست 2020 سے وزیراعظم عمران خان کی کابینہ میں مشیر کی حیثیت سے کام کر رہے تھے، اس سے قبل وہ معاون خصوصی کے عہدے پر فائز رہے تھے۔

انہوں نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے بنائے گئے ’ایسٹ ریکوری یونٹ‘ کے سربراہ کے طور پر کام کیا۔

حکومت کا حصہ بننے سے بیرسٹر شہزاد اکبر، قومی احتساب بیورو (نیب) کے ڈپٹی پروسیکیوٹر کی حیثیت سے بھی کام کرتے رہے ہیں۔

ان کے استعفے کی خبر پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’آپ نے شدید دباؤ میں کام کیا، مافیا کے خلاف کام کرنا آسان نہیں تھا لیکن جس طرح آپ نے کام کیا وہ قابل ستائش ہے۔‘

’مزید اہم کام اب آپ کے منتظر ہیں۔‘ تاہم انہوں نے وضاحت نہیں کی کہ یہ اہم ذمہ داری کیا ہوسکتی ہے۔

اخباری اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہزاد اکبر کی کارکردگی سے مطمئن نہیں تھے تاہم اس بارے میں سرکاری طور پر کچھ نہیں کیا گیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg

زیادہ پڑھی جانے والی پاکستان