پشاور زلمی نے جمعے کو پاکستان سپر لیگ سیون کے ایک میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
پشاور نے کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے دوسرے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ کے اوپنرز نے انتہائی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے بغیر کسی نقصان کے سولہویں اوور تک مجموعی سکور 155 تک پہنچا دیا۔
پشاور کی خراب بولنگ کو پہلی وکٹ احسن علی کی صورت میں ملی، جنھوں نے 46 گیندوں پر 73 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
اس موقعے پر دوسرے اینڈ پر کھڑے ول سمیڈ نے اپنی جارحانہ بلے بازی جاری رکھی۔ سمیڈ 62 گیندوں پر 97 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ انھوں نے اس دوران 11 چوکے اور چار چھکے لگائے۔
کوئٹہ نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز بنائے۔ پشاور کے ثمین گل اور عثمان قادر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
191 رنز کے تعاقب میں پشاور نے ابتدا سے جارحانہ انداز اپنایا۔ اوپنر وکٹ کیپر بلے باز ٹام کوہلر کیڈمور نے 22 اور یاسر خان نے 30 رنز بنائے۔
پشاور کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں لیکن ان کے رنز بنانے کی رفتار کم نہ ہوئی۔
حیدر علی نے 19 اور حسین طلعت نے 52 رنز کے ساتھ اپنا حصہ ڈالا۔
پشاور کے کپتان شعیب ملک نے ایک اینڈ سنبھالے رکھا اور وہ اپنی ٹیم کی اننگز کو لے کر چلتے رہے اور جب آخری کے اوورز میں جارحانہ کھیلنے کی ضرورت پڑی تو انہوں نے اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹیم کو فنشنگ لائن کے عبور کروایا۔
شعیب نے 32 گیندوں پر 48 رنز بنائے جس میں ایک چوکا اور چار چھکے شامل تھے۔
کوئٹہ کے بولرز میں 44 رنز دے کر تین جبکہ جیمز فالکنر اور نسیم شاہ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔