پی ایس ایل: سرفراز احمد کی کپتان اننگز نے کوئٹہ کو فاتح بنادیا

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ آخری اوور تک سنسنی خیز رہا لیکن کپتان سرفراز احمد کے اطمینان نے ان کے سارے ناقدین کو لگام دے دی کہ ان میں سکون اور ٹھہراؤ کی کمی ہے۔

12 فروری 2022 کو لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے بلے باز جیمز ونس کی وکٹ لینے کے بعد جشن منا رہے ہیں (تصویر: اے ایف پی)

لاہور میں شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 7 کے دوسرے مرحلہ میں ہارتی ہوئی ٹیمیں اب جیت کا مزہ چکھنے لگی ہیں اور جن ٹیموں کو کراچی میں جیت قریب سے دھوکہ دے جاتی تھی اب وہ منزل پر کامیابی سے پہنچ رہی ہیں۔

ہفتہ (12 فروری) کو کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ایک بار پھر پہاڑ جیسا ہدف عبور کیا اور اس بار مقابلے پر تھی اسلام آباد یو نائیٹڈ، جن کا نعرہ ہے کہ جیت کارنگ لال ہے۔ وہ ارغوانی رنگ کے کپڑوں میں ہاتھ ملتے رہ گئے اور نشیب کی طرف گامزن اپنی ٹیم کو سرفراز، سرفراز کرگئے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ آخری اوور تک سنسنی خیز رہا لیکن کپتان سرفراز کے اطمینان نے ان کے سارے ناقدین کو لگام دے دی کہ سرفراز میں سکون اور ٹھہراؤ کی کمی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم جتنی متحد ہے اتنی ہی منظم اور اگر وقت پڑجائے تو پچھلے سپاہی بھی ہراول دستہ بن جاتے ہیں۔ ہفتے کی شام کے میچ میں جب اچھا آغاز بھی لالہ کی جادوئی بولنگ کے سبب منتشر ہونے لگا تھا تو ٹیم کی کمان فہیم اشرف نے سنبھال لی تھی، جن کا بیٹ ابھی تک خاموش تھا۔

ٹاس تو کوئٹہ نے جیتا لیکن بیٹنگ اسلام آباد کو دے دی۔ کولن منرو اور اسٹرلنگ کی غیر موجودگی میں ایلکس ہیلز نے ذمہ داری لی، بہترین آغاز دیا اور 62 رنز کی جاندار اننگز کھیلی۔ اس موقع پر شاہد آفریدی نے زبردست بولنگ کرتے ہوئے یکے بعد دیگرے دو قیمتی وکٹیں لے کر حریف ٹیم کو بیک فٹ پر بھیج دیا۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

آفریدی نے پہلی دفعہ کسی ٹی ٹوئنٹی میچ میں بولنگ کا آغاز کیا اور چھا گئے۔ صورت حال پوری طرح کوئٹہ کے قابو میں تھی لیکن فہیم اشرف نے 55 رنز کی اننگز کھیل کر مجموعی سکور 199 رنز تک پہنچا دیا۔

کوئٹہ کے لیے 200 رنز کا ایک بڑا ہدف تھا لیکن جیسن رائے نے ایک بار پھر زبردست بیٹنگ کی اور 54 رنز بنائے۔ انہوں نے احسان علی کے ساتھ 88 رنز کی اوپننگ پارٹنرشپ کی اور جیت کی بنیاد رکھی، تاہم درمیانی اوورز میں اسلام آباد کی اچھی بولنگ نے کچھ دیر کے لیے تو کوئٹہ کے کیمپ میں پریشانی کی لہر دوڑادی تھی لیکن سرفراز مطمئن تھے اور آہستہ آہستہ رنز آگے بڑھا رہے تھے۔

پہلے جیمس ونس نے ساتھ دیا اور پھر چار سال بعد کرکٹ میں واپس آنے والے عمر اکمل نے کپتان کا بھرپور ساتھ دیا۔

دونوں نے 61 رنز کی پارٹنر شپ کرکے جیت کو قریب کردیا۔ سرفراز نے شاندار بیٹنگ کی اور 50 رنز بنائے جبکہ عمر اکمل نے 8 گیندوں پر 23 رنزبنائے۔

اسلام آباد کے وسیم جونیئر کل کے میچ کے سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے اور 61 رنز دیے۔

کوئٹہ نے آخری اوور کی چوتھی گیند پر سرفراز کے چوکے سے جیت کا ہدف حاصل کرلیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اس جیت کے صحیح معمار سرفراز احمد تھے، جن کی کپتان اننگز نے یونائیٹڈ کو خالی ہاتھ جانے پر مجبور کردیا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی کرکٹ