پاکستان میں ان دنوں سوشل میڈیا پر ’فضا شزا‘ کی میم وائرل ہے۔
دو ہم شکل بہنوں کے شادی کی رات کمرے بدلنے کے واقعے پر ڈرامے کے ایک کلپ نے سوشل میڈیا پر اس سال کی سب سے بڑی میمز کو جنم دیا ہے۔
یہ اے پلس ٹی وی پر نشر ہونے والی ڈراما سیریز ’حقیقت‘ کی قسط ’جڑواں‘ میں دو ہم شکل بہنوں کی کہانی ہے، جس میں فضا اور شزا کے کمرے بدل جانے کی وجہ سے پیدا ہونے والے ابہام کو دکھایا گیا۔
ڈرامے میں فضا اور شزا کے کردار کرن تعبیر نے ادا کیے، جن کا کہنا تھا کہ یہ ڈراما 2020 میں نشر ہوا اور نہ جانے کیوں یہ اچانک دوبارہ سامنے آیا اور یوں مشہور ہوگیا۔ ’اگرچہ وہ بہت سنجیدہ کلپ ہے لیکن عوام نے اس سے اپنے اپنے انداز میں میمز بنا کر مزے لیے۔‘
انڈپینڈنٹ اردو سے خصوصی گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ میمز پر انہیں بہت زیادہ مزہ آ رہا ہے اور انہیں خود سب سے اچھی میم شاہین شاہ آفریدی والی لگی۔
کرن نے بتایا کہ انہیں سوشل میڈیا پر بہت زیادہ کام مل رہا ہے، بہت سے برانڈز اس میم کو استعمال کر رہے ہیں، انہیں اچھا لگ رہا ہے کیوں کہ اس طرح انہیں بھی پیسے مل رہے ہیں۔
کرن کے مطابق میم آنے کے تین دنوں میں انسٹاگرام پر ان کی فالوئنگ میں 40 ہزار کا اضافہ ہوا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ فضا شزا کی طرح وہ ایک اور ڈرامے میں کام کر رہی ہیں جس کے ہدایت کار اور دیگر ٹیم وہی ہے جو ’جڑواں‘ میں تھی۔
کرن کا کہنا تھا کہ اس ڈرامے کے بعد انہوں نے یوٹیوب پر دیکھا کہ کئی اسلامی سکالرز نے اس موضوع پر بات کی جو عموماً جھجھک کی وجہ سے نہیں کی جا رہی تھی۔ اس ڈرامے کے سماجی پہلو کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ کسی زمانے میں ایسی شادیاں ہوتی تھیں جہاں لڑکا لڑکی نے ایک دوسرے کو نہیں دیکھا ہوتا تھا۔
مشہور ڈرامے ’پری زاد‘ میں بہن کے کردار پر کرن تعبیر نے کہا کہ انہوں نے وہ کردار اس لیے کیا کہ اس کی عکاسی اسلام آباد میں تھی۔ ’جب میں نے احمد علی اکبر کو دیکھا اور ان کی محنت دیکھی تو یقین ہوا کہ یہ ڈراما مقبول ہوگا، البتہ یہ اندازہ نہیں تھا کہ میرا کردار بھی مقبول ہوجائے گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انہیں بہن کا کردار سعیدہ بہت پسند آیا کیوں کہ سعیدہ کا کردارہی پری زاد کے ساتھ آخر تک رہا۔ ’ہمارے معاشرے میں گورے رنگ کے بارے میں جو خبط ہے وہ نہ جانے کب جائے گا۔‘
کرن نے اپنا فنی سفر میزبان کے طور پر شروع کیا تھا مگر بعد میں اسے چھوڑ ہی دیا۔
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اب انہیں اداکاری کا چسکا لگ گیا ہے اور بہت مزہ آرہا ہے۔ کرن نے چند سال پہلے ایک فلم ’جیون ہاتھی‘ میں کام کیا تھا جس میں انہوں نے بھارت سے بیاہ کر پاکستان آئی ہوئی ایک لڑکی کا کردار کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ ان کی زندگی کا اکلوتا ’بولڈ‘ کام ہے، وہ اسے اچھے الفاظ میں یاد کرتی ہیں۔ جیون ہاتھی کے بعد کسی فلم میں کام نہ کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس فلم کے بعد کوئی اچھا کام تو ملا نہیں البتہ ’آئٹم نمبر‘ کرنے کی بہت زیادہ پیشکش ہوئی لیکن وہ آئٹم نمبر نہیں کرنا چاہتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ شاید ان کی ساڑھیاں اور ہیرو کے ساتھ ان کی کیمسٹری دیکھ کر سوچا گیا کہ اس سے آئٹم نمبر کروایا جاسکتا ہے۔ کرن نے کہا کہ فضا شزا کے بارے میں وہ خود تو میم نہیں بنائیں گی لیکن وہ چاہتی ہیں کہ یہ زیادہ سے زیادہ دیر خبروں میں رہے۔