کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے لازمی ویکسین کے معاملے پر ٹرک ڈرائیوروں کے احتجاج اور دھرنوں سے نمٹنے کے لیے اپنے والد کے نقش قدم پر چلتے ہوئے منگل کو محدود وقتی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا: ’وفاقی حکومت نے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے تاکہ صوبائی اور علاقائی استعداد کو بڑھایا جا سکے کہ وہ رکاوٹوں اور دھرنوں سے نمٹ سکیں۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق کینیڈا کے آئین میں موجود ایمرجنسی ایکٹ وفاقی حکومت کو اختیار دیتا ہے کہ وہ ہنگامی حالات میں صوبوں کے اختیارات حذف کرتے ہوئے حالات سے نمٹنے کے لیے خصوصی لیکن محدود وقتی اقدامات لے سکتی ہے۔
کینیڈا کے آئین میں موجود ایمرجنسی ایکٹ کا استعمال زمانہ امن میں صرف ایک مرتبہ 1970 میں کیا گیا تھا۔ اُس وقت موجودہ وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے والد پیری ٹروڈو وزارت عظمیٰ کی کرسی پر براجمان تھے۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کینیڈا سے امریکہ جانے والے ٹرک ڈرائیوروں کے لیے لازمی ویکسین کے خلاف شروع ہونے والے احتجاج میں شامل مظاہرین اب کرونا (کورونا) وبا سے متعلق تمام پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور انہوں نے اوٹاوا شہر کے مرکز سمیت کئی اہم بین الصوبائی شاہراہوں پر دھرنا دے رکھا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا: ’میں واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ یہ اقدامات محدود وقت کے لیے ہیں۔ مخصوص علاقوں کے لیے ہیں اور جن خطرات سے نمٹنے کے لیے انہیں اٹھایا گیا ہے یہ ان کے لیے متوازن اور معقول ہیں۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
روئٹرز کے مطابق کینیڈا کی پارلیمنٹ سات روز کے اندر وزیراعظم کی جانب سے ایمرجنسی کے نفاذ کی توثیق کرے گی اور اسے یہ اختیار بھی ہے کہ وہ ایمرجنسی کے نفاذ کو رد بھی کر دے۔
دوسری جانب کینیڈا کی حکومت اب بینکوں کو یہ اختیار دے گی کہ وہ دھرنوں کی حمایت کرنے والے مشتبہ افراد کے بینک اکاؤنٹس عارضی طور پر منجمد کر دیں۔ اضافی طور پر دھرنوں میں شریک ٹرکوں کی انشورنس بھی ختم کی جائے گی۔
روئٹرز نے کینیڈا کی وزیر خزانہ کرسٹیا فری لینڈ کے حوالے سے بتایا کہ ’ایمرجنسی کے تحت اٹھائے گئے مالیاتی اقدامات کراؤڈ فنڈنگ پلیٹ فارمز کو دہشت گردی کی مالی نگرانی کے تحت لاتے ہیں اور کینیڈین بینکوں کو یہ اختیار دیتے ہیں کہ وہ ان لوگوں کے اکاؤنٹس اور اثاثے منجمد کردیں جو احتجاج کرنے والوں کا رقم فراہم کرتے ہیں یا ان کی گاڑیوں کی انشورنس معطل کردیں۔‘
کینیڈا کے حکام کے مطابق دھرنوں کے لیے آدھی مالی امداد امریکہ میں موجود حمایتی بھیج رہے ہیں۔
جب ’گو فنڈ می‘ نامی کراؤڈ فنڈنگ پلیٹ فارم نے دھرنوں کے لیے مالی معاونت پر پابندی عائد کر دی تو امریکہ سے چلنے والی ایک ویب سائٹ ’گیو سینڈ گو‘ ان کے لیے مالی ماداد بھیجنے کا بنیادی ذریعہ بن گئی۔
روئٹرز کے مطابق لیک مواد نشر کرنے والی ایک ویب سائٹ نے پیر کے روز دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کینیڈا میں دھرنوں کی حمایت میں مالی امداد بھیجنے والوں کی تفصیلات موصول ہوئی ہیں۔