بھارت اور یو اے ای میں ’سنگ میل‘ کی حیثیت والا اقتصادی معاہدہ

بھارتی وزیر خارجہ کے مطابق اس اقتصادی معاہدے سے اشیا اور سروسز کی تجارت میں نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔

24 اگست، 2019 کو لی گئی اس تصویر میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی  ابوظہبی کے کراؤن  پرنس شیخ محمد بن زاہد النہیان  سے گفتگو کر رہے ہیں (اے ایف پی/ہینڈ آؤٹ/ ڈبلیو اے ایم)

متحدہ عرب امارات اور بھارت نے کرونا وبا کے بعد اپنی معیشتوں کی مضبوطی کی خاطر جمعے کو تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ایک ’سنگ میل‘ کی حیثیت رکھنے والے اقتصادی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زید النہیان اور بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان ایک ورچوئل سربراہی اجلاس منعقد ہوا، جس میں جامع اقتصادی شراکت داری سمیت دیگر معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔
امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ڈبلیو اے ایم نے بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے حوالے سے کہا کہ اس معاہدے پر دستخط ’ہمارے دو طرفہ تعلقات میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھنے والا واقعہ ہے۔‘
’اس سے اشیا اور خدمات دونوں کی تجارت میں نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔‘
خبررساں اجنسی ڈبلیو اے ایم کے مطابق: ’توقع ہے کہ اس معاہدے سے اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا اور تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے وسیع تر راستے کھلیں گے۔‘
بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق بھارت اور متحدہ عرب امارات کی تجارت کی مالیت 59 ارب ڈالرز ہے جس کی وجہ سے یو اے ای چین اور امریکہ کے بعد 2019-20 میں بھارت کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار بن گیا ہے۔
وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات 2020-21 میں تقریباً 16 ارب ڈالرز کے ساتھ بھارت کا تیسرا سب سے بڑا برآمد کنندہ ہے۔
بڑی برآمدات میں پیٹرولیم مصنوعات، قیمتی دھاتیں، پتھر، جواہرات اور زیورات، معدنیات، اشیائے خوردونوش اور ٹیکسٹائل شامل ہیں۔
ڈبلیو اے ایم کے مطابق متحدہ عرب امارات کو امید ہے کہ بھارت کے ساتھ تیل کے علاوہ تجارت پانچ سال کے اندر وبا سے پہلے کی سطح 40 ارب ڈالرز سے بڑھ کر 100 ارب ڈالرز سے زیادہ ہو جائے گی۔
یو اے ای کے قیام کے فوراً بعد 1970 کی دہائی کے اوائل میں دونوں ممالک نے سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ 
متحدہ عرب امارات میں بھارتی سب سے بڑی غیر ملکی برادری ہے جو یو اے ای کی 10 ملین آبادی کا تقریباً 35 فیصد ہے۔

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بھارتی وزارت خارجہ کے مطابق 2019 میں امارات میں موجود بھارتیوں کی جانب سے اپنے ملک واپس بھیجی جانے والی ترسیلات زر 17.06 ارب ڈالرز سے زائد تھیں۔
رواں ہفتے کے اوائل میں متحدہ عرب امارات نے ترکی کے ساتھ بھی اسی طرح کے معاہدوں کے پیکیج پر دستخط کیے تھے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق بھارت پہلے ہی برطانیہ، یورپی یونین، آسٹریلیا اور کینیڈا اور اسرائیل کے ساتھ تقریباً آدھا درجن آزادانہ تجارت معاہدوں پر بات چیت کر رہا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اس معاہدے کی تفصیلات دسمبر میں طے پا گئی تھیں اور توقع تھی کہ رواں سال جنوری میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ متحدہ عرب امارات میں اس معاہدے کا باقاعدہ اعلان کیا جاتا۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا