یو اے ای نے پاکستان کے لیے سیاحتی ویزے کھول دیے

سیاحتی ویزے پیر سے صرف ان افراد کو جاری کیے جائیں گے جنہوں نے ڈبلیو ایچ او کی منظور شدہ کرونا ویکسین کی مکمل خوراکیں لی ہوں گی۔

یو اے ای کے حکام کے مطابق تمام مسافروں کی آمد پر کووڈ 19 کا ٹیسٹ لینا ضروری  ہو گا(اے ایف پی)

متحدہ عرب امارات نے پیر سے پاکستان سمیت دیگر ممالک کے لیے سیاحتی ویزا کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی (ڈبلیو اے ایم) کے مطابق اس اقدام کا اطلاق پاکستان اور بھارت سمیت ان تمام ممالک کے شہریوں پر ہوتا ہے جن پر کرونا وبا کے تناظر میں سفری پابندیاں عائد کی گئی تھیں.

تاہم سیاحتی ویزے ان افراد کو جاری کیے جائیں گے جنہوں نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی منظور شدہ کسی بھی کووڈ 19 ویکسین کی مکمل خوراکیں لی ہوں گی۔

ڈبلیو ایچ او نے فائزر، ایسٹرا زینیکا، جانسن اینڈ جانسن  موڈرنا، سائنوفارم اور سائنوویکس کی ویکسین کی منظوری دے رکھی ہے۔

اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق فیڈرل اتھارٹی فار آئڈینٹٹی اینڈ سٹیزن شپ (آئی سی اے) اور نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این سی ای ایم اے) نے مشترکہ طور پر اعلان کیا کہ 30 اگست سے تمام ممالک کے لیے سیاحتی ویزوں کے لیے درخواستیں کھل جائیں گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام مسافروں کی آمد پر کووڈ 19 کا ٹیسٹ لینا بھی ضروری ہے۔

متحدہ عرب امارات نے، جو خطے کا ایک بڑا بین الاقوامی سفری اور ٹرانزٹ مرکز ہے، رواں سال کے آغاز میں پاکستان اور بھارت سمیت جنوبی ایشیائی اور افریقی ممالک پر کووڈ 19 کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سفری پابندی عائد کر دی تھی۔

تاہم پانچ اگست سے پاکستان، بھارت، نائجیریا اور دیگر ممالک سے مسافروں کی آمدورفت پر عائد پابندی ختم کر دی گئی لیکن مسافروں کے لیے روانگی سے چار گھنٹے پہلے کرونا کی منفی ٹیسٹ رپورٹ پیش کرنا لازمی تھا۔

ڈبلیو اے ایم کے بیان میں کہا گیا: ’متحدہ عرب امارات کا دنیا بھر سے ویکسینیٹڈ افراد کو سفر کی اجازت دینے کا فیصلہ صحت عامہ اور اہم شعبوں کی سرگرمیوں کے درمیان توازن پیدا کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے اور معاشی نمو اور اس کی پائیدار بحالی کے حصول کے لیے ملکی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ہفتے سے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے متحدہ عرب امارات کے لیے اپنی پروازوں میں اضافہ کیا ہے جس میں راس الخیمہ کے امارت کے لیے نئے روٹس شامل ہیں۔

پی آئی اے کی اسلام آباد، پشاور، لاہور اور کراچی سے شمالی امارات کے لیے نئی پروازیں معطلی کے کئی ماہ بعد مزید پاکستانیوں کو خلیجی ریاست میں کام پر واپس آنے میں مدد دیں گی۔

پی آئی اے پہلے ہی تمام بڑے پاکستانی شہروں سے ابوظہبی، دبئی اور شارجہ سمیت متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں کے لیے پروازیں چلا رہی ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا