سعودی عرب میں دفاعی نمائش، پاکستانی رائفل کے چرچے

نمائش میں شریک پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے مینیجر نے بتایا کہ جی تھری رائفل کے مقابلے میں BW 20 کی لاگت کم ہے اور انہیں دنیا بھر میں فروخت بھی کیا جا سکتا ہے۔

سعودی عرب میں جاری عالمی دفاعی نمائش میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری نے اپنی ڈیزائن کردہ نئی رائفل BW-20 کو لانچ کیا ہے، جسے دنیا بھر کے اسلحہ ساز نمائندوں نے سراہا۔

سعودی دارالحکومت ریاض میں چھ سے نو مارچ تک جاری رہنے والی اس نمائش میں 40 سے زائد ممالک کی 600 اسلحہ ساز کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں۔

ان میں پاکستان سے گوبل انڈسٹریز اینڈ ڈیفنس سلوشن، ہیوی انڈسٹریز ٹیکسلا اور پاکستان آرڈیننس فیکٹریز سمیت 13 کمپنیوں نے اپنے سٹال لگائے۔

نمائش کے مختلف پویلینز میں فضا، زمین، سمندر اور دفاعی نظام سے متعلق مختلف ٹیکنالوجیز اور آلات کی نمائش ہو رہی ہے۔

نمائش میں پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیوں کے سٹالز خصوصی توجہ کا مرکز ہیں، جہاں مشرق وسطیٰ، یورپ، امریکہ اور دیگر ممالک کے نمائندوں نے پاکستان کے بنائے گئے دفاعی سازو سامان کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کی۔

پاکستان آرڈیننس فیکٹری کے مینیجر سلمان علی خان نے تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’جی تھری رائفل کے مقابلے میں BW 20 زیادہ اہم ہے۔ اس کی لاگت بھی کم ہے اور انہیں دنیا بھر میں فروخت بھی کیا جاسکتا ہے۔‘

دوسری جانب گلوبل انڈسٹریز اینڈ ڈیفنس سلوشن کے سی ای او اسد کمال کا کہنا تھا کہ ’سعودی عرب کی جانب سے اس عالمی نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے، جہاں پاکستانی اسلحہ ساز کمپنیوں کو فروغ ملے گا۔‘

ان کا مزید کہنا تھا: ’سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ ایک بڑی مارکیٹ ہے، جس میں پاکستانی کمپنیاں پہلے سے ہی معروف ہیں، تاہم اس میں مزید استحکام آئے گا اور دنیا کے دیگر ممالک سے بھی ہمارے رابطے مزید بڑھیں گے۔‘

مزید پڑھ

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پاکستانی سٹالز کا اعلیٰ پاکستانی فوجی افسران بھی دورہ کر رہے ہیں۔ ڈیفینس ایکسپورٹ پروموشن کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل عارف ملک نے بھی سٹالز کا دورہ کیا اور سعودی عرب میں عالمی نمائش کو سراہا اور بتایا کہ ’پاکستان میں بنایا جانے والا دفاعی سازوسامان دنیا بھر میں مقبول ہے اور اس طرح کی نمائش سے نئی مارکیٹس کھلتی ہیں۔‘

اس سے قبل نمائش کی افتتاحی تقریب میں سعودی نیشنل گارڈ کے فوجی دستے نے سلامی دی جبکہ سعودی ملٹری بینڈ نے بھی خوبصورت دھنیں بکھیریں۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی نمائش دیکھنے پہنچے تھے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ یہ نمائش ہر دو سال کے بعد منعقد ہوا کرے گی، جس کا اہتمام مملکت کی جنرل اتھارٹی برائے ملٹری انڈسٹریز نے کیا ہے۔

whatsapp channel.jpeg
مزید پڑھیے

زیادہ پڑھی جانے والی ایشیا