پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے میگا سٹارز لیگ (ایم ایس ایل) کے نام سے ایک کرکٹ لیگ کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے منگل کو اس لیگ کے حوالے سے تفصیلات ایک پریس کانفرنس میں بتائیں جہاں سابق لیجنڈری کھلاڑی انضمام الحق، وقار یونس اور مشتاق احمد بھی موجود تھے۔ یہ تمام کھلاڑی بھی اس سال ایم ایس ایل کا حصہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لیگ ٹی 10 فارمیٹ پر ہوگی جس کا مقصد سابق کرکٹرز، دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں اور سپورٹس جرنلسٹس کی مدد کرنا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میگا سٹار لیگ ایک تفریحی لیگ ہے جو اس سال سال ستمبر میں راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔
’اس لیگ کو متعارف کرانے کا بنیادی مقصد سابق کرکٹرز، ایتھلیٹس اور کھیلوں سے وابستہ صحافیوں کی مالی مدد کرنا ہے۔‘
شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ’ایم ایس ایل میں چھ ٹیمیں شامل ہوں گی اور غیر ملکی کھلاڑی بھی اگلی لیگ میں حصہ لیں گے۔‘
انہوں نے اس دوران مذاق کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایل نوجوان کھلاڑیوں کی لیگ ہے اور بڑی عمر کے کھلاڑیوں، جس میں وہ خود بھی شامل ہیں، کو پی ایس ایل کی بجائے ایم ایس ایل میں شامل ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ’پی ایس ایل نوجوانوں کے لیے ہے اور میں اب زیادہ نوجوان نہیں رہا۔ میں، مشتاق احمد، انضمام الحق اور وقار یونس ایم ایس ایل میں کھیلیں گے۔‘