رنجی ٹرافی کے دوران بھارت کی ایک کرکٹ ٹیم کے نو کھلاڑیوں نے نصف سنچریاں بنا کر فرسٹ کلاس کرکٹ میں 129 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔
بنگال کی ٹیم نے جھارکھنڈ کے خلاف بدھ کو بنگلور میں کھیلے گئے کواٹر فائنل میچ میں سات وکٹوں پر 773 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
پہلی اننگز میں بنگال کے دو بلے بازوں نے سنچریاں سکور کیں جب کہ سات دیگر کھلاڑیوں نے بھی بولرز کی دھلائی کرتے ہوئے نصف سنچریاں بنا ڈالیں۔ سُدیپ گھرامی 186 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ ایک آسٹریلین کلب کے پاس تھا جس نے 1893 میں انگلینڈ کے شہر پورٹس ماؤتھ میں آکسفورڈ اور کیمبرج یونیورسٹیوں کی مشترکہ ٹیم کے خلاف 843 رنز کی اننگز میں بنایا تھا۔ اس اننگز میں آٹھ نصف سنچریاں بنائی گئی تھیں۔
بنگال کی جانب سے 73 رنز بنانے والے بلے باز منوج تیواری نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا: ’کیا ٹیم ہے! کیا کوشش ہے! اس (ریکارڈ) کا حصہ بننے پر فخر ہے۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بھارتی کرکٹ بورڈ نے بنگال ٹیم کے اس کارنامے کو ’فرسٹ کلاس کرکٹ میں سنگ میل‘ قرار دیا۔
پانچ روزہ میچ کے چوتھے دن جمعرات کو لنچ تک جھارکھنڈ اپنی پہلی اننگز میں 212 رنز سات کھلاڑی آؤٹ پر کھیل رہی تھی۔
رنجی ٹرافی کا نام مہاراجہ رنجیت سنگھ جی کے نام پر رکھا گیا ہے جو ایک ہندوستانی شہزادے تھے جنہوں نے 1890 کی دہائی میں انگلینڈ کے لیے کھیلا تھا۔