امریکی صدر اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد جمعے کو سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں ان کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے امریکی صدر کی ملاقات قصر السلام میں ہوئی جہاں ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر خادم حرمین شریفین نے امریکی صدر اور ان کے ہمراہ وفد کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق ملاقات کے دوران سعودی عرب اور امریکہ کے تاریخی تعلقات اور مختلف شعبوں میں دوست عوام اور دونوں ممالک کے مفادات کی تکمیل کے لیے طریقوں کا جائزہ لیا گیا۔
امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیل اور فلسطین میں دو دن گزارنے کے بعد جمعے کو سعودی عرب پہنچے ہیں، جہاں جدہ کے قصر السلام میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا۔
خیال رہے کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے صدر جو بائیڈن کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت دی تھی۔
صدر بائیڈن اس موقع پر امریکی عرب مشترکہ سربراہ کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے جس کا اہتمام خادم حرمین شریفین شاہ سلمان نے کیا ہے۔
دورۂ مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب روانگی سے قبل جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ ’فلسطینی عوام کو اسرائیل کے ساتھ امن کے لیے سیاسی راہ کی ضرورت ہے، چاہے وہ راستہ دو ریاستی حل ہی کی صورت میں ہو۔‘
مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ ’فلسطینی عوام تکلیف میں ہیں جسے محسوس کیا جا سکتا ہے۔ دو ریاستی حل کا امریکی عزم اب بھی قائم ہے اور یہ تبدیل نہیں ہوا۔‘
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ’امریکہ فلسطینی صحافی شیریں ابوعاقلہ کے قتل کے مکمل احتساب کا مطالبہ جاری رکھے گا۔‘
مزید پڑھ
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اپنی تقریر میں امریکی صدر نے فلسطینی اداروں کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا۔
مشرق وسطیٰ کا دورہ کرتے امریکی صدر جو بائیڈن نے جمعے کو فلسطین کے علاقے مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں کسی بڑی سفارتی کامیابی کے بغیر فلسطین کے لیے معاشی اقدامات کی توقع کی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر بیت لحم میں فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی جس کے بعد وہ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوئے۔